کھیل بُرے کاموں سے نجات کا ذریعہ :تنویر صادق اسلامیہ کالج میں کھیلوں کا سازو سامان تقسیم

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//نیشنل کانفرنس کے ترجمانِ اعلیٰ اور انچارج کانسچونسی جڈی بل تنویر صادق نے نوجوانوں کو کھیل کود کی طرف راغب کرنے کی اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے اسلامیہ کالج سرینگر میں کھلاڑیوں میں کرکٹ کٹ اور کھیلوں کا سازو سامان تقسیم کیا۔ یاد رہے کہ موصوف وقفے وقفے سے حلقہ انتخاب میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے پیش پیش رہتے ہیں۔سٹار الیون ٹیم کے کھلاڑیوں میں کرکٹ کٹس اور دیگر سامان تقسیم کرتے ہوئے تنویر صادق نے نوجوان کھلاڑیوں کے خوابوں کو پورا کرنے میں مدد کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں مشغول رہنا ہماری نئی نسل کو نقصان دہ اثرات سے دور رکھ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں جب ہمارے نوجوان منشیات اور دیگر بدعات کی طرف آسانی سے راغب ہورہے ہیں ایسے میں ہر ذی حس شہری کی یہی کوشش ہونی چاہئے کہ کس طرح سے نوجوانوں کو ان بدعات سے دور رکھا جائے ۔