کھیر بھوانی پر حاضری یاتری بھون کی تعمیر کا اعلان

نیوز ڈیسک

 

سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں واقع کھیر بھوانی مندر تولہ مولہ میںحاضری دی۔کشمیری پنڈت کمیونٹی کے اَرکان نے لیفٹیننٹ گورنر کا خیر مقدم کیا او ران کی طرف سے روایتی فیرن پیش کیا گیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے پوجا کی ۔ اِس کے بعد اُنہوں نے جیشٹھا اشٹمی کے سلسلے میں کئے جارہے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے گاندربل کے تولہ مولہ میں پوتر شرائین کے دورے کے دوران آنے والے عقیدت مندوں کی سہولیت کے لئے یاتری بھون کی تعمیر کا اعلان کیا۔

 

 

اُنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ اور تمام سرکاری محکموں کو ہدایت دی کہ وہ بھون کی تعمیر کے لئے تفصیلی پروجیکٹ رِپورٹ تیار کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے آنے والے ماتا کھیر بھوانی میلے کی تیاریو ںکا جائزہ لیا اور اَفسران اور شراکت داروں کو آنے والے عقیدت مندوں کی سہولیت کے لئے تمام ضروری اِنتظامات کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ کھیر بھوانی میلہ کے لئے اِنتظامات ، بجلی ، پانی کی فراہمی ، ضروری اشیاء ، طبی خدمات کو یقینی بنائیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کشمیر پنڈت کمیونٹی کے اَرکان سے بھی گفتگو کی اور ان کے مسائل او رخدشات پر تبادلہ خیال کیا۔اُنہوں نے صوبائی کمشنر کشمیر کو ہدایت دی کہ وہ کشمیر ی پنڈت کمیونٹی کے اَرکان کے تحفظات کو حاصل کرنے اور خدشات کو دور کرنے کے لئے ایک نوڈل آفیسر کو نامزد کریں۔ہر برس جیشٹھا اشتمی کے موقعہ پر گاندرل کے تولہ مولہ میں واقع کھیر بھوانی مندر میں کھیربھوانی میلہ کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔