بانہال // ضلع رام بن کی کھڑی تحصیل میں لوگوں نے محکمہ بجلی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے اور قصبہ کھڑی سے گذرنے والی کھڑی۔مہو رابطہ سڑک پر دھرنا دیکر محکمہ بجلی کے خلاف جم کر نعرے بازی کی لوگوں کا کہنا ہے کہ کھڑی ۔ آڑپنچلہ کے درجنوں دیہات میں محکمہ بجلی کی عدم توجہی کی وجہ سے بجلی کی غیر اعلانیہ اور من مرضی کی کٹوتی نے ہزاروں صارفین کو سخت مشکلات میں ڈالے رکھا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ علاقے میں کے بیشتر دیہات میں پچھلے تین روز سے بجلی کی نہیں ہے جن میں کھڑی ،سرن ، منڈکباس ، حلقہ ترگام ، ترنہ ، مہو نگٹمت ،شگن ،باوا وغیرہ کے علاقے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شام اور صبح کے اہم اوقات میں بجلی بند رکھی جاتی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی زندگی رات کے گھپ اندھیروں کی وجہ سے اجیرن بنی ہوئی ہے۔ پی ڈی پی لیڈر محمد ایوب نائیک نے بتایا کہ کھڑی تحصیل ہیڈکواٹر اور اس کے درجنوں دیہات میں بجلی کا بند رکھنا معمول بن گیا ہے اور لوگوں کو بجلی کے بغیر ہی بجلی فیس ادا کرنا پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھڑی میں بجلی کی مدد سے اپنا روزگار کمانے والے فوٹو سٹیٹ ، فوٹو گرافی اور دیگر کاروبار سے جڑے لوگ محکمہ بجلی کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے پریشان ہیں اور بجلی بند رکھ کر ہزاروں صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس موقع پر مفتی عطا اللہ اور بشیر احمد وغیرہ نے بھی احتجاجیوں کے ساتھ مظاہرہ کیا ۔احتجاجی مظاہروں کی خبر ملنے کے بعد تحصیلدار کھڑی تابش سلیم موقع پر پہنچے اور انہوں نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ وہ معاملے کو محکمہ بجلی کے اعلیٰ حکام اور ڈپٹی کمشنر رام بن سے اٹھا کر تحصیل کھڑی اور اس کے درجنوں دیہات میں بجلی کی بہتر فراہمی کیلئے اقدامات کریں گے۔ ان کی یقین دہانی کے بعد احتجاجی دھرنا ختم کیا گیا اور قصبہ کھڑی میں معمولی کی زندگی بحال ہوگئی۔