بانہال // بانہال کے کھڑی علاقے میں جمعہ کی رات ہوئے احتجاجی مظاہروں کے بعد لوگوں کی طرف سے ٹیچر سمیت پکڑے گئے دو افراد کے خلاف پولیس نے مبینہ عصمت ریزی کا ایک مقدمہ درج کیا ہے جبکہ پولیس سٹیشن پر پتھراو کرنے اور2کاروں کو نقصان پہنچانے کے معاملے میں پولیس نے مظاہرین کے خلاف بھی پولیس سٹیشن بانہال میں ایک کیس درج کیا ہے۔ چیف ایجوکیشن آفیسر رام بن نے مزید تحقیقات تک واقع میں ملوث ٹیچر رئیس احمد وانی کو معطل کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں جبکہ پولیس نے تحقیقات کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ پولیس نے ایک کار نمبر JK-19/3087 کو جلانے اور ایک کارJK-19/4395کو نقصان پہنچانے اور پولیس پوسٹ کھڑی پرپتھرا ﺅ کے واقعات کے سلسلے میں بھی ایک کیس نمبر 157 زیر دفعہ 147/148/336/427 رنبیر پینل کوڈ کے تحت درج کیا ہے اور واقع کی مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ کھڑی کے مقامی لوگوں نے حکام سے اپیل کی ہے کہ ملوث افراد کےخلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے اور ملوث ٹیچر کو نوکری سے برخاست کیا جائے۔ ایڈیشنل ایس پی رام بن چودھری مشتاق نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا واقع میں ملوث ٹیچر رئیس احمد وانی اور طارق سلیم کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے اور ٹیچر کو معطل کرنے کیلئے ضلع حکام سے بھی خط وکتابت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے تحقیقات کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔