محمد تسکین
بانہال // ضلع رام بن کے سب ڈویژن بانہال کی تحصیل کھڑی کے دور افتادہ علاقے کوٹ میں منگل کی دوپہر تقریباً ساڑھے بارہ بجے اچانک آگ لگنے سے دو رہائشی مکانات تمام مال اور اسباب سمیت مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئے۔جانکاری ذرائع کے مطابق آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے عبدالقـیوم نائیک اور یاسر احمد نائیک ولدیت عطا محمد نائیک ساکن کوٹ کھڑی، کے رہائشی مکانات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ آتشزدگی کے نتیجے میں تمام گھریلو سامان، بشمول موسمِ سرما کے لیے ذخیرہ کیا گیا راشن، جل کر راکھ ہو گیا ہے۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کوٹ کا علاقہ قریبی سڑک سے کافی دور ہونے کے باعث فائر سروس کی گاڑی جائے حادثہ پر نہیں پہنچ پائی ۔ واقعے کے فوراً بعد
کوٹ اور اُڑکہ کے مقامی باشندوں، بالخصوص خواتین، نے پانی سے بھرے برتنوں کے ذریعے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی لیکن اب کی لپٹوں کے سامنے وہ ذیادہ کچھ نہیں کر سکے ۔ واقع کی اطلاع ملتے ہی پولیس پوسٹ کھڑی کی ٹیم اور کیو آر ٹی کھڑی کے رضاکار بھی موقع پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کی کارروائی میں حصہ لیا۔