سرینگر// جمعہ کو وادی میں کھٹوعہ میں عصمت ریزی کے بعد قتل کی گئی آصفہ کے حق میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔آصفہ یوسف کے حق میں سرینگر کے نور باغ اور گوری پورہ علاقوں میں مزاحمتی جماعتوں کی طرف سے 8سالہ آصفہ کی عصمت ریزی اور بعد میں قتل کرنے کے خلاف نماز جمعہ کے بعد احتجاج کیا گیا۔اسلامک پولیٹکل پارٹی کے ترجمان کے مطابق نماز جمعہ کے بعد پارٹی لیڈر شوکت احمد خان کی قیادت میں گوری پورہ سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ ہواجس میںمظاہرین نے اس شرمناک واقعے میں ملوثین کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا۔گوری پورہ میں احتجاجی مظاہرے میں لوگوں کے علاوہ پارٹی لیڈان محمد ایوب ڈار، نذیر احمد بٹ، مظفر احمد بٹ، غلام محمد بٹ، سجاد احمد لون، علی محمد گنائی، شفیق احمد میراور نذیر احمد صوفی نے بھی شرکت کی۔ حریت جموں کشمیر کی طرف سے نماز جمعہ کے بعد پالہ پورہ سرینگر میں احتجاج کیا گیا ،جس کے دوران مظاہرین نے جموں کے مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکیا۔احتجاجی مظاہرے سے امتیاز احمد ریشی،ظہور صدیقی اور شکیل الرحمان نے خطاب کیا۔ جنوبی کشمیر کے اسلام آباد(اننت ناگ) میں بھی نماز جمعہ کے بعد مرکزی جامع مسجد سے میرواعظ جنوبی کشمیر قاضی یاسر کی قیادت میں ایک جلوس برآمد ہوا۔نامہ نگار ملک عبدالسلام کے مطابق احتجاجی مظاہرین نے اسلام و آزادی اور جموں کے مسلمانوں کے حق اور فرقہ پرستوں کے خلاف نعرہ بازی بھی کی گئی۔اس موقعہ پر میرواعظ جنوبی کشمیر قاضی یاسر نے مظاہرین سے خطاب بھی کیا۔کھٹوعہ میں 8سالہ آصفہ کی عصمت ریزی اور بعد میں قتل کرنے کے خلاف نماز جمعہ کے بعد ٹریڈ یونین کنگن کی طرف سے جامع مسجد کنگن سے مین بازار تک ایک جلوس نکالا گیا جس میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کرکے اس واقعے کے خلاف نعرہ بازی کی ۔ نامہ نگار غلام نبی رینہ کے مطابق جلوس کی قیادت ٹریڈ یونین کنگن کے صدر غلام رسول نجار کررہے تھے ۔انہوں نے جلوس میں شامل لوگوں سے خطاف کرتے ہوئے کہا کہ کھٹوعہ میں آٹھ سالہ عاصفہ کی عصمت ریزی اور قتل میں ملوث ایس پی او کو بچھانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔جلوس میں شامل لوگوں کے ہاتھوں میں بنر تھے جن میں عاصفہ کے قاتلوں کو پھانسی دو پھانسی دو کے نعرے درج تھے ۔جلوس میں شامل لوگوں نے کہا کہ وہ کھٹوعہ کے مسلمانوں کے ساتھ ہیں۔ جلوس مین بازار کنگن میں پُر امن طور اختتام پذیر ہوا ۔