لاہور/پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ انضمام الحق نے پی ایس ایل تھری کے دوران کھلاڑیوں کے ان فٹ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل تھری سے قبل اور ایونٹ کے دوران کھلاڑیوں کی انجریز باعث تشویش ہیں۔ حسن علی، شاداب خان، رومان رئیس اور حارث سہیل پاکستانی ٹیم کے لیے بہت اہم ہیں، فٹنس مسائل کے باعث ہی کرکٹرز کی پرائیویٹ لیگز میں شرکت محدود کرنے کے حوالے سے پالیسی بنا رہے ہیں۔انضمام الحق نے کہا کہ کھلاڑیوں کو آرام کی بھی سخت ضرورت ہوتی ہے، فٹنس مسائل سے نجات کے لیے ہر فارمیٹ کیلیے علیحدہ علیحدہ کھلاڑی رکھنے کے حق میں ہوں، ورلڈ کپ کو سامنے رکھتے ہوئے 20 کرکٹرز ذہن میں ہیں، ایک سال تک اسی ٹیم کو قومی ٹیم میں کھیلنا چاہیے تاکہ ورلڈ کپ تک پراعتماد ہوجائیں۔