کرگل //خطہ لداخ میں ضلع لیہہ کے کھر دونگلہ ٹاپ پر جمعہ کی صبح برفانی تودہ گرنے سے 10افراد زندہ دفن ہوئے ، جن میں سے جمعہ کی شام تک 5 لوگوں کی لاشیں بر آمد کی گئی تھیں۔لاپتہ افراد کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے ریاستی پولیس ،ایس ڈی آر ایف ،فوج ،جی آر ای ایف اور بیکن عملہ نے مشترکہ طور پربڑے پیمانے پربچائو کارروائیوں میں شریک ہیں۔ جمعہ کی صبح 10افراد ایک ٹپر( بعض اطلاعات کے مطابق ایس یو وی سکارپیو) میں سوار ہو کر برف لینے جارہے تھے ،جس دورانKHARDONGLA)) کھرد نگلہ ٹاپ لہیہ کے مقام پر یہ گاڑی بھاری بھر کم برفانی تودے کی زد میں آئی ،جسکے نتیجے میں تمام 10افراد گاڑی سمیت زندہ دفن ہوگئے ۔بیکن حکام کا کہنا ہے کہ لیہہ سے صبح سات بجے کے قریب دو ٹپر اور ایک سکارپیو گاڑی اس مقام کی طرف روانہ ہوئیں اور ان گاڑیوں میں قریب 12افراد سوار تھے۔
ایک ٹپر میں برف لوڈ کیا گیا تھا اور جب دوسرے ٹپر کیلئے برف لوڈ ہورہا تھا تو بھاری برفانی تودا گرا جس کی زد میں یہ گاڑیاں آئیں۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی لاپتہ افراد کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے آپریشن شروع کیا گیا ۔انتظامیہ کے مطابق لاپتہ ہوئے پانچ افراد کی لاشیں بر آمد ہوئی ہیں۔حکام کے مطابق اس کیلئے ماہرین کو جدید مشینری کے ساتھ کام پر لگایا گیا ہے۔ یہ علاقہ سطح سمندر سے 17,500فٹ کی بلندی پر واقع ہے، اور یہ دنیا کے بلند ترین روڑ میں شمار ہوتا ہے۔لیہہ سے 40کلو میٹر دور ہ جنوب میں واقع یہ علاقہ لداخ کی شوک اور نوبرا، وادیوں کا گیٹ وے بھی کہا جاتا ہے۔قابل ذکر ہے کہ محکمہ موسمیات کی 19 جنوری سے شرو ع ہونے والی بھاری برف باری کی پیش گوئی کے پیش نظر صوبائی انتظامیہ نے وادی کے 9اضلاع بشمول لیہہ میں برفانی تودے گرآنے کی وارننگ جاری کرتے ہوئے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اس مدت کے دوران گھروں سے باہر نکلنے سے احتراز واحتیاط کریں۔گورنر ستیہ پال ملک نے لیہہ ضلع میں کھردونگلہ کے مقام پر برفانی تودے کی وجہ سے ہوئے قیمتی جانوں کے زیاں پر دُکھ کا اظہار کیا ہے۔
اپنے پیغام میں گورنر نے جانبحق ہوئے افراد کی ارواح کی تسکین کے لئے دُعا کی۔ انہوں نے سوگوار کنبوں کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔گورنر نے جانبحق ہوئے افراد کے قریبی لواحقین کے لئے فی کس پانچ لاکھ روپے ایکس گریشیا ریلیف کا بھی اعلان کیا۔قیمتی جانوں کے ضیاں پر آغا عنایت علیٰ چیئرمین قانون ساز کونسل ، چیئرمین لداخ کرگل ہل کونسل فیروز احمد خان ، لداخ ہل ڈولپمنٹ کونسل ایگزیکٹیو کونسلر جے ٹی نامگیال نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔