بڈگام// ضلع بڈگام میں آگ کی دوالگ الگ وارداتوں میں پانچ مکان اور ایک صوفی بزرگ کی زیارتگاہ خاکستر ہوگئے۔ بڈگام کے سویہ بگ گائوں میں جمعہ کی صبح آگ کی ایک ہولناک واردات میں 5رہائشی مکانات خاکستر ہوئے ۔مقامی لوگوں نے کہا کہ سویہ بگ کے بونہ پورہ پائین محلہ میں عبدالرشید نامی ایک شخص کے دومنزلہ مکان میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے جمعہ کی صبح آگ نمودار ہوئی اور آگ کے شعلوں نے قریبی مکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔نذیر احمد نامی ایک مقامی باشندے نے کہا کہ آگ کی واردات میں تین مکان مکمل طور پر خاکستر ہوئے جبکہ عبدالغنی ملک کے رہائشی مکان کے سمیت دو مکانوں کو جزوی نقصان پہنچا۔ادھر بڈگام کے ہی کھاگ علاقہ میں مشہور صوفی بزرگ نوروز بابا کی زیارت گاہ میں نصف شب کے بعد پُر اسرار طور پر آگ کے شعلے نمودار ہو ئے اورزیارت گاہ کو اپنی لپیٹ میںلے لیا۔ معلوم ہوا ہے کہ آگ کی اس وردات میںآستان کے احاطے میں ایک چناربھی راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوا ہے۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ نصف شب کو فوراًبعد مساجدمیں لائوڈ اسپیکروں کے ذریعے اعلانات کئے گئے کہ آستان حضرت نوروز بابا کو آگ لگی ہے لوگوں کی بھاری تعداد یکا یک آستان کے پاس جمع ہوئی اور آگ کو بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہوئے ۔ لوگوں نے کہا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کی گاڑیاں وقت پر آگ بجھانے کیلئے خراب سڑک کی وجہ سے نہ پہنچ سکیں ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر یہ گاڑیاں وقت پر پہنچ جاتی تو شاید زیات گاہ کو اس قدر نقصان نہیںپہنچتا ۔