سرینگر اور پلوامہ میںڈاکٹروں کے لاکروں کی جانچ
سرینگر// شہر میں طبی اداروں کے اندر شفافیت، احتساب اور مجموعی سیکیورٹی کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں سرینگر پولیس نے صحت محکمہ کے میڈیکل افسران کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ڈاکٹروں اور طبی عملے کے استعمال میں آنے والے لاکروں کی اچانک اور ہمہ گیر تلاشی مہم چلائی۔یہ جانچ پڑتال ضلع اور نجی اسپتالوں، میڈیکل کالجوں، پرائمری ہیلتھ سینٹروں اور دیگر طبی مراکز میں کی گئی، جس کا مقصد لاکرز کے غلط یا غیر مجاز استعمال کو روکنا، مشتبہ مواد کی ذخیرہ اندوزی کے امکانات کو ختم کرنا اور طبی اداروں کے اندرونی تحفظ کو مزید مؤثر بنانا تھا۔پولیس اور متعلقہ میڈیکل ٹیموں نے تمام رینکس اور لاکروں کی تفصیلی جانچ کی، جبکہ عملے کو ہدایت دی گئی کہ وہ لاکرز کے استعمال کے حوالے سے مکمل ریکارڈ رکھیں اور انہیں صرف سرکاری و پیشہ ورانہ ضروریات کے لیے استعمال کریں۔حکام نے واضح کیا کہ اس طرح کی تلاشی مہمات مستقبل میں بھی وقفے وقفے سے معمول کے معائنے کے طور پر جاری رہیں گی، تاکہ اسپتالوں میں محفوظ، شفاف اور ضابطہ شدہ ماحول کو یقینی بنایا جا سکے ۔ادھرپلوامہ پولیس نے پیر کے روز ضلع کے مختلف اسپتالوں میں اسٹاف لاکرز کا اچانک اور مؤثر معائنہ کیا۔ اس کارروائی کا مقصد اسپتالوں کی عمارتوں اور سہولیات کو کسی بھی ممکنہ غلط استعمال سے بچانا اور اندرونی سیکورٹی نظام کو مزید مضبوط کرنا تھا۔ یہ اچانک چیکنگ صبح کے اوقات میں مختلف پولیس ٹیموں نے اسپتال انتظامیہ کے تعاون سے انجام دی۔ اسپتال چونکہ حساس اور عوامی آمد و رفت والے مقامات ہوتے ہیں، اس لیے پولیس نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی توجہ دی کہ ان سہولیات کو کسی غیر قانونی سرگرمی یا مشکوک مواد کی ذخیرہ اندوزی کے لیے استعمال نہ کیا جائے ۔ اس دوران شہر سرینگر میں مجموعی سکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پولیس نے پیر کے روز کیمیکل اور کھاد فروخت کرنے والی دکانوں کی ہمہ گیر اور باریک بینی سے جانچ کی۔ یہ خصوصی مہم شہر کے تقریباً تمام بڑے تھانوں-جس میں ہارون، لعل بازار، چنہ پورہ، راجباغ، آر ایم باغ، ایم آر گنج، صفاکدل، زڈی بل، حضرت بل، نگین، صدر اور خانیارکی حدود شامل تھیں۔ پولیس حکام کے مطابق اس کارروائی کا بنیادی مقصد حساس کیمیکل اور کھاد کے کسی بھی ممکنہ غلط یا غیر قانونی استعمال کی روک تھام کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ تمام ڈیلر اسٹاک اور خرید و فروخت کا ریکارڈ درست رکھیں اور قانونی ضوابط کی مکمل پاسداری کریں۔ کارروائی کے دوران پولیس ٹیموں نے ہر دکان پر موجود اسٹوریج کی کیفیت، لائسنس کی حالت، حساس مواد کی حفاظت، بڑی مقدار میں خریداری کرنے والوں کی شناخت اور دکانداروں کی جانب سے برقرار رکھے جانے والے ریکارڈ کا بغور جائزہ لیا۔ دکانداروں کو سختی سے ہدایت دی گئی کہ وہ ہر طرح کی خرید و فروخت کا شفاف ریکارڈ رکھیں، حساس مواد کو محفوظ طریقے سے ذخیرہ کریں اور کسی بھی مشکوک لین دین یا غیر معمولی سرگرمی کی فوری طور پر اطلاع پولیس کو فراہم کریں۔