عارف بلوچ +غلام نبی رینہ
پہلگام +گاندربل// سالانہ امرناتھ یاترا ننون پہلگام اور بال تل سونہ مرگ بیس کیمپوں سے سنیچر کی صبح ’بم بم بولے‘ اور’ہر ہر مہادیو‘ کے نعروں اور سخت ترین حفاظتی حصار کے در میان62 دنوں پر محیط یاترا کا باقاعدہ طور پر آغاز ہوگیا ہے۔ گھپا میں سنیچر کی صبح آرتی کی گئی۔ یاتریوں کی پہلی کھیپ نے غار کے مزار کی طرف اپنا سفر شروع کر دیا ہے۔ شرائن بورڈ کی طرف سے اس ضمن میں ایک ویڈیو شیئر ییا گیا۔ یاتری تقریباً 13,000 فٹ کی بلندی پر واقع گھپا تک بال تل بیس کیمپ سے 12 کلومیٹر کا سفر طے کریں گے۔
دوسرا جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں پہلگام کا راستہ ہے۔3600کے پہلے قافلے کو بال تل سے گھپا کی جانب روانہ کیاگیا۔جبکہ پہلگام کے ننون بیس کیمپ سے 2011یاتریوں کا پہلا قافلہ ہفتہ کی صبح گھپا کی طرف روانہ ہوگیا۔ ادھر4416 سے زیادہ یاتریوں کا دوسرا گروپ ہفتہ کو بھگوتی نگر بیس کیمپ جموں سے گھپاکی درشن کیلئے ایک محفوظ قافلے کے ساتھ روانہ ہوا۔بھگوتی نگر جموں بیس کیمپ سے یہ یاتری 188گاڑیوں کے قافلے میں صبح بیس کیمپ سے روانہ ہوئے۔ حکام نے بتایا کہ اس کے ساتھ ہی جموں کے بیس کیمپ سے امرناتھ کے لیے روانہ ہونے والے یاتریوں کی تعداد بڑھ کر 7904 ہو گئی ہے۔ادھرجموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کو علی الصبح جموں بیس کیمپ سے امرناتھ یاترا یاتریوں کے پہلے جتھے کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔یاترا کی تیاری میں، مختلف لنگر کمیٹیوں نے یاتریوں کو پورا کرنے کے لیے، تین دن پہلے بدھ کو اپنی مشق شروع کردی۔کمیٹیوں نے جموں و کشمیر کے ادھم پور ضلع میں شاہراہ پر شیڈ، کھانا پکانے کے وسائل اور دیگر خام مال تیار کیا۔ شاہراہ کے مختلف مقامات پر اس سال کل 22 لنگر قائم کیے گئے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو بھگوتی نگر میں یاتری نواس کا دورہ کیا او ر یاتریوں کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ادھر 4,416 یاتریوں پر مشتمل دوسرا جتھہ جموں کے بھگواتی نگر سے گھپا کی طرف روانہ ہوا۔جموں و کشمیر انتظامیہ نے یاترا کیلئے سیکورٹی کے کڑے انتظامات کئے ہیں۔پولیس کے علاوہ نیم فوجی دستوں کی 300کمپنیاں یاتریوں کی حفاظت کیلئے تعینات کی گئی ہیں اور امسا ل گھپا کے ارد گرد آئی ٹی پی بی کے خصوصی دستے موجود رہیں گے جو قدرتی آفاے سماوی کے لئے خصوصی تربیت یافتہ ہیں۔
وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی یاتریوں کو مبارکباد
عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو شروع ہونے والی یاترا کو ہماری میراث کے طور پر ایک الہی اور شاندار مظہر قرار دیا ہے۔ایک ٹویٹ میں، انہوں نے خدائی نعمتوں سے عقیدت مندوں کے لئے نئے جوش اور توانائی کی خواہش کی اور کہا کہ ملک اپنے عزم کو پورا کرنے کے لئے امرت کال میں تیزی سے آگے بڑھے۔ادھر وزیر داخلہ امت شاہ نے ہفتہ کو امرناتھ یاترا کے یاتریوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ انتظامیہ نے عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے تمام ممکنہ انتظامات کیے ہیں۔انہوں نے ہندی میں ایک ٹویٹ میں کہا’’ یاترا اٹوٹ روایت اور سناتن ثقافت کے عقائد کی علامت ہے،انتظامیہ نے بابا برفانی کے درشن پر جانے والے تمام عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے ہر ممکن انتظامات کیے ہیں، آپ کا خوشگوار سفر ہماری ترجیح ہے۔ تمام عقیدت مندوں کو ان کے سفر پر نیک خواہشات۔ جئے بابا برفانی‘‘۔