اشرف چراغ +کشمیر نیوز سروس
کپوارہ+بڈگام// شمالی ضلع کپوارہ اور وسطی ضلع بڈگام میں ایک جیسے لیکن دو الگ الگ واقعات میں کنوئوں کی صفائی کے دوران زہریلی گیس کے اخراج سے 4افراد لقمہ اجل جبکہ مزید 4زخمی ہوئے۔
کپوارہ
بدھ کوکپوارہ کے دور دراز علاقہ درد پورہ کرالہ پورہ میں اس وقت کہرام مچ گیا جب 2لوگ کنویں کی صفائی کے دوران لقمہ اجل بن گئے ۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ستہ بوئن دردپورہ میں بعد دوپہر بشیر احمد خواجہ ولد نجیب اللہ خواجہ عمر 55سال اپنے ہی مکان کے سامنے کنویں کی صفائی کے لئے کنویں میں اتر ا اورموٹر چالو کیا جس کے نتیجے میں کنویں میں گیس جمع ہوگئی اور بشیر احمد کنویں میں ہی دم گھٹنے سے جاں بحق ہوا۔ شاہدین کا کہنا ہے کہ جب بشیر کنویں سے باہر نہیں آیا تو اس کے گھر والو ں نے اسے آ وازیں دیں لیکن کوئی بھی جواب نہ آنے پر ایک اور شخص فرید احمد کنویں میں اترا اور وہ بھی دم گھٹنے سے لقمہ اجل بن گیا ۔عینی شاہدین کا یہ بھی کہنا ہے کہ دونو ں افراد کو نکالنے کیلئے یکے بعد دیگر فرید کا بیٹا سفیر احمد خواجہ کنویں میں اترا لیکن وہ بھی واپس آیا، اس کے بعد حمید خواجہ اور قاسم خواجہ بھی کنویں میں اترے لیکن ان میں سے بھی کوئی واپس نہیں نکلا جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی اور مقامی لوگو ں نے پولیس کی مدد سے 5افراد کو کنویں سے باہر نکالا، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں بشیر احمد خواجہ اور فرید احمد خواجہ کی موت واقع ہوگئی جبکہ مزید تین افراد محفوظ احمد، قاسم الدین اور عبدالحمیدکوبے ہوشی کی حالت میں سب ضلع ہسپتال کرالہ پورہ منتقل کیا گیاجہا ں ان کا علاج و معالجہ ہورہا ہے ۔ڈاکٹر وںنے جا ں بحق بشیر اور فرید کا پو سٹ پارٹم کیا اور لاشیں لواحقین کے حوالے کی ۔اس المناک حادثے کے بعد پورے علاقہ میں کہرام مچ گیا اور ہر سو ماتم کی لہر دو ڑ گئی جبکہ جا ں بحق افراد کو پر آنکھو ں سے سپر خاک کیا گیا ۔
بڈگام
بڈگام ضلع کے خان صاحب علاقے کے گوٹی پورہ گائوںمیں اسی طرح کے واقعہ میں مزید 2افراد جاں بحق ہوئے۔پولیس نے بتایا کہ مومن ڈار ولد محمد قاسم ڈار نامی شخص غلطی سے کنویں میں گر گیا اور مقامی لوگوں نے اسے بچانے کی کوشش کی۔انہوں نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن کے دوران مزید دو افراد اس میں گر گئے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی یہ خبر علاقے میں پھیلی، مقامی لوگ اور انتظامیہ موقع پر پہنچ گئے اور بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔کنویں میں گرنے والوں کی شناخت امجد علی اور غلام حسن وانی کے نام سے ہوئی ، جو دونوں گوٹی پورہ خان صاحب کے رہائشی ہیں۔پولیس نے بتایا کہ کنویں کے ٹیوب ویل سے دو لاشیں برآمد کی گئیں۔پولیس نے کہا، “ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف، بڈگام پولیس اور ہندوستانی فوج کی خصوصی ٹیموں نے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ،جس کے دوران ٹیوب ویل سے دو لاشیں برآمد ہوئیں۔دونوں لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ تیسرے کو بچانے کی کوششیں کی جارہی ہیں، جسے شام دیر گئے کنویں سے نکالا گیا۔