پرویز احمد +اشرف چراغ+غلام نبی رینہ
سرینگر+کپوارہ+کنگن //محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں برف وباراں کے ایک اور مرحلہ شروع ہوا ہے اور اس بیچ مطلع ابر آلود رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں قدرے اضافہ اور دن میں کمی درج ہوئی۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 11 نومبر تک برف وباراں متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ 9 نومبر سے 11 نومبر کے دوپہر تک بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری اور میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں موسم میں بتدریج بہتری واقع ہوگی اور پھر 12 سے16 نومبر تک موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ادھر گلمرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2 سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی جبکہ پہلگام میں 0.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ۔ادھر سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 5.4 ڈگری، گلمرگ میں منفی 2.0 ، پہلگام میں 2.9 ، کپوارہ میں 4.7 اور قاضی گنڈ میں5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ ادھر منگل اور بدھ کی درمیانی شب کپوارہ کے پہا ڑ وں پر جم کر بر ف باری ہوئی جبکہ کرناہ،کیرن ،مژھل ،جمہ گنڈ اور بڈنمبل کی سڑکیں ہنو ز بند ہیں۔ کپوارہ ضلع میں گزشتہ 4روز سے پہا ڑی علاقوں میں ہلکی برف باری جاری ہے تاہم منگل کی شام سے ان علاقوں میں جم کر برفباری ہوئی۔جو بدھ کے روز بھی وقفے وقفے سے جاری رہی۔ نستہ ژھن(سادھنا )،فرکیاں گلی ،زیڈ گلی مژھل ،بابائے ٹا پ بڈنمل اور جمہ گنڈ جیسے پہاڑی علاقوں میں جم کر برف باری کا سلسلہ جاری تھا ۔چوکی بل کرناہ ،میلیال کیرن سڑک کو اگرچہ گا ڑیو ں کی آمد و رفت کے لئے کھو ل دیا گیا تھا تاہم کچھ گھنٹوں کے بعد مزکورہ سڑکیں گا ڑیو ں کی نقل و حمل کے لئے پھر بند کی گئیں۔ نستہ ژھن گلی پرکل ملا کر 3،زیڈ گلی مژھل ڈیڑھ اور فرکیا ں گلی پراڑھائی فٹ برف جمع ہوئی ہے ۔مسلسل برف باری کی وجہ سے ان علاقوں کو جانے والی سڑکو ں کو گا ڑیو ں کی آمد و رفت کے لئے بند کر دیا گیا ۔ ضلع کے ہفرڈہ ،فلمرگ ،تمنہ،مارسری ،ہچ مرگ اور دیگر بالائی علاقوں میں امسال کی پہلی برف باری ہوئی ۔ضلع کے سرحدی علاقے بڈنمبل میں ایک فٹ اور مژھل کے اندورنی علاقوں میں 6انچ برف جمع ہونے کی اطلاع مو صول ہوئی ہے ۔ادھر ضلع شوپیان کو ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ کو برف باری کے باعث ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے ایک بار پھر بند کر دیا گیا ۔ مغل روڈ کو منگل کی دوپہر ٹریفک کی آمد و رفت کے لئے کھولا گیا تھا لیکن پیر کی گلی پر تازہ برف باری کے باعث اس کو بدھ کے روز ایک بار پھر بند کر دیا گیا۔ادھرسونہ مرگ، زوجیلا ،منی مرگ، دراس اور گگن گیر میں تازہ برفباری کی وجہ سے لداخ شاہراہ آمدورفت کے لئے عارضی طور پر دوبارہ بند کی گئی۔بندشاہراہ کے دونوں طرف سینکڑوں گاڑیاں درماندہ ہیں۔بدھ کی صبح سے ہی دراس، منی مرگ، زوجیلا، سونہ مرگ اور گگن گیر میں تازہ برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا جو وقفے وقفے سے دن بھر جاری رہا۔ سونہ مرگ میں 5 انچ، زوجیلا 9انچ، منی مرگ دراس 6 انچ، اور گگن گیر میں2 انچ برف ریکارڈ کیا گیا ۔