عظمیٰ نیوز سروس
کپوارہ//سرکلچر محکمہ کے ڈائریکٹر اعجاز احمد بٹ نے پیر کو کپوارہ میں غنچہ ابریشم نیلامی مارکیٹ کا افتتاح کیا، جس میں بڑی تعداد میں ریشم کے کیڑے پالنے والے کسانوں اور کوکون خریداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب کو کسانوں اور خریداروں کے درمیان براہِ راست روابط قائم کرنے اور سرکلچر کے شعبے کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا گیا۔افتتاحی تقریب پرڈائریکٹر سرکلچر نے اس عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے انتظامات کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ اس بات کو یقینی بنا رہا ہے کہ کسانوں کے لیے ایک شفاف اور دوستانہ آکشن نظام فراہم ہو، تاکہ انہیں اپنی پیداوار کی بہتر قیمتیں میسر ہوں۔ یہ مارکیٹ 21اگست تک جاری رہے گی، جس کے بعد اسے مرحلہ وار وادی کے دیگر اضلاع میں بھی منعقد کیا جائے گا۔اپنے خطاب میں اعجاز احمد بٹ نے کہا کہ محکمہ کسانوں کے لیے مارکیٹنگ کے ذرائع کو وسعت دینے کیلئے پرعزم ہے۔