اشرف چراغ+اظہر حسین
کپوارہ+کولگام//ٹکرکپوارہ اوردیوسرکولگام میں میں اتوار کو سینکڑوں پنڈتوں نے راگنیادیوی (کھیربھوانی )مندر میں سالانہ جیشٹھ اشٹمی تہوار منایا۔ٹکرکپوارہ میںعقیدتمندوں نے مندرمیں پوجاپاٹ،ہون میں حصہ لیااور ماتاکی مورتی کوپھول نچھاور کئے۔ننگے پائوں عقیدتمندوں نے گلاب کے پھول ،دودھ لاکرماتا کو خراج پیش کیا۔اس موقعہ پرجذباتی مناظر دیکھنے کو ملے اور کشمیری مسلمانوں اور پنڈتوں نے ایک دوسرے کو گلے لگایا۔ضلع انتظامیہ نے عقیدتمندوں کی سہولیات کیلئے تمام انتظامات کئے تھے۔ڈپٹی کمشنر نے مندر کادورہ کیااورحکام کے ہمراہ انتظامات کا جائزہ لیا۔ضلع انتظامیہ نے عقیدتمندوں کیلئے پینے کے پانی،طبی،ٹرانسپورٹ اوررہائش کیلئے خیموں کاانتظام کیا تھا۔
عقیدتمندوں نے ضلع انتظامیہ کاانتظامات کیلئے شکریہ اداکیا۔ادھردیوسرکولگام میں اتوار کو میلہ کھیر بھوانی’رگنیادیوی‘کے مندر میں منایا گیا۔اس سلسلے میں کشمیری پنڈت عقیدت مند اتوار کوکولگام ضلع کے کھنبرنی دیوسر علاقے میں واقع ’’رگنیا دیوی‘‘ کے مشہور کھیر بھوانی مندر میں سالانہ تہوار منانے کے لیے جمع ہوئے۔پورے دیوسر میں ایک تہوار کا منظر بنا ہوا تھا جس میں یاتریوں کی اکثریت تھی جن میں سے پنڈتوں نے سالانہ تہوار (جیشٹھا اشٹمی) کے موقع پر پوجا پاٹ اور خصوصی پرارتھنائیں کیں۔ بھجن اور گھنٹیوں کے درمیان، مرد و خواتین، جوان اور بوڑھے، ہندو دیوی کھیر بھوانی دیوی کے لیے وقف مندر میں سجدہ ریز ہوئے۔ ضلع انتظامیہ نے عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے تھے لیکن مقامی مسلمان ہمیشہ کی طرح اپنے پنڈت بھائیوں کے شانہ بہ شانہ رہے۔ مسلمانوں نے پنڈتوں کو سلام کیا اور ان کی وادی میں مستقل واپسی کی امید ظاہر کی۔ڈپٹی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بھٹ نے کھیر بھوانی میلہ کے موقع پر یہاں آے زائرین اور کشمیری پنڈت برادری کو مبارکباد پیش کی ہے۔
تولہ مولہ میں سینٹرل یونیورسٹی کاکیمپ
گاندربل//سینٹرل یونیورسٹی کشمیرکے نیشنل سروس اسکیم یونٹ نے ڈائریکتوریٹ سٹوڈنٹس ویلفیئر کے اشتراک سے میلہ کھیوبھوانی میں شامل ہونے والے یاتریوں کیلئے ایک کیمپ کااہتمام کیاتھا۔بیسیوں یاتریوں جووادی کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں سے میلے میں شرکت کرنے کیلئے آئے تھے،نے کیمپ میں ریفریشمنٹ سے خودکوتازہ کیا۔کیمپ میں طلاب ،فیکلٹی ممبران ،این ایس ایس ملازمین اوریونیورسٹی کے دیگر اہلکاروں نے یاتریوں کی خدمت کیلئے خود کووقف کیاتھا۔اپنے پیغام میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر رویندرناتھ نے طلاب اور رضاکاروں کی ستائش کی۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی ایسے کیمپوں کا مسلسل انعقاد کرتی آئی ہیںاوریونیورسٹی کے قیام سے لیکراب تک ماتاکھیوبھوانی کے میلے کے دوران یاتریوں کوسہولیات بہم کرتی آئی ہیں۔