یواین آئی
نئی دہلی/ورلڈ کپ فاتح کپتان کپل دیو نے ہندوستانی ٹیم کو ایشیا کپ میں روایتی حریف پاکستان کے خلاف مقابلے کے لئے نیک خواہشات پیش کی ہیں۔انڈین پروفیشنل گولف ٹور آف انڈیا (پی جی ٹی آئی) کے صدر کپل نے پی جی ٹی آئی کے جمعہ کے روز یہاں منعقد ایک پروگرام میں کہا، ”میں ہندوستانی ٹیم کو اپنی نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ اس سے پہلے کہ آپ مجھ سے کرکٹ سے متعلق سوال کریں۔”کپل نے بعد میں صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں اتنا ہی کہا کہ ہندوستان کی ٹیم یہ مقابلہ جیتے گی۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 14 ستمبر کو ایشیا کپ میں مقابلہ ہونا ہے ۔اپنے وقت کے عظیم آل راؤنڈر نے ساتھ ہی کہا کہ ہندوستان نے پچھلے مقابلے میں جیسا کھیل پیش کیا تھا وہ قابل تعریف تھا۔ اسے دیکھ کر مجھے یقین ہے کہ ہندوستانی ٹیم اس بار بھی ہمیں فخر دلائے گی۔وراٹ اور روہت جیسے سینئر کھلاڑیوں کی غیر موجودگی کے بارے میں پوچھے جانے پر کپل نے کہا کہ انہوں نے اپنے وقت میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اب باری نئے کھلاڑیوں کی ہے جنہیں ہمیں دیکھنا ہے ۔کپتانی کے معاملے پر سابق کپتان نے کہا کہ بات ٹیم کی ہونی چاہیے نہ کہ انفرادی کھلاڑیوں کی۔ میں صرف اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ ہندوستان کی ٹیم جیتے گی۔