ڈورو //کپرن میں گورنمنٹ سکول میں زیر تعلیم طلاب نے اساتذہ کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاج کیا۔احتجاجی طلاب سوموارکی صبح ویری ناگ کپرن روڈ پر نمودار ہوئے اوراساتذہ کی کمی کے خلاف احتجاج کیا ۔انہوں نے کہاکہ اسکول میں فی الوقت 150طلاب تعلیم حاصل کر رہے ہیں ،تاہم اسکول میں صرف2اساتذہ تعینات ہیں ،جس کے سبب وہ معیاری تعلیم حاصل کر نے سے محروم ہو رہے ہیں ۔احتجاجی طلاب نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جن پرمطالبات درج تھے۔اس حوالے سے چیف ایجوکیشن آفیسر اننت ناگ غلام رسول شاہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دراصل یہ اسکول کئی دن قبل دوسرے اسکول کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے ،جس کے سبب طلاب احتجاج پر اُتر آئے ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کر نا اُن کی اولین ترجیح ہے ۔ہیڈ ماسٹر کے غیر حاضر رہنے کے حوالے سے اُنہوں نے کہا کہ زونل ایجوکیشن آفیسر ویری ناگ کو متاثرہ اسکول روانہ کیا جائے گا اور معاملے کی تحقیقات عمل میں لائی جائے گئی۔