نئی دہلی/ دہلی ڈیئر ڈیولس کی کپتانی چھوڑنے کے بعد گوتم گمبھیر کا آئی پی ایل کیریئر بھی اب تقریباً ختم ہوگیا ہے۔ کپتانی چھوڑنے کے بعد اب ایسا لگ رہا ہے کہ موجودہ سیزن میں وہ آئی پی ایل کے کسی میں کھیلتے ہوئے نہیں نظر آئیں گے۔ ٹیم کے مالک ہیمنت دوا کے بیان سے تو کچھ ایسا ہی ماناجارہا ہے۔ گوتم گمبھیر کے کپتانی چھوڑنے کے بعد دہلی کے مالک ہیمنت دوا نے کہا "گمبھیر اب کھلاڑیوں کو مینٹار کریں گے، یہ گوتم گمبھیر کا اپنا فیصلہ ہے، ہم اسے سلام کرتے ہیں"۔ہیمنت نے آگے کہا "ایسے بہت کم کھلاڑی ہیں جو خود سے پہلے ٹیم کا مفاد دیکھتے ہیں۔ وہ ہمارے ساتھ رہیں گے اور دہلی کے نئے کپتان شرے یاس ایئر کی کپتانی میں مدد کریں گے"۔دہلی ڈیئر ڈیولس نے واضح طور پر اشارہ دیا کہ اب گوتم گمبھیر کھلاڑیوں کو مینٹار کریں گے۔ ویسے بطور بلے باز گمبھیر کا فارم بے حد خراب رہا ہے۔ پہلے میچ میں گمبھیر نے نصف سنچری ضرور لگائی تھی، لیکن وہ 6 میچوں میں صرف 85 رن ہی بناسکے۔واضح رہے کہ گوتم گمبھیر آئی پی ایل میں سب سے زیادہ 36 نصف سنچری لگانے والے کھلاڑی ہیں۔ ان کے نام سب سے زیادہ 491 چوکے بھی ہیں۔کولکاتا نائٹ رائیڈرس کو دو بار آئی پی ایل چمپئن بنانے والے گوتم گمبھیر نے دہلی ڈیئر ڈیولس کی کپتانی چھوڑنے پر کہا "یہ سچ ہے کہ میں نے دہلی کی کپتانی چھوڑ دی ہے، میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ میرا ہے، اس کا انتظامیہ اور کوچنگ اسٹاف سے کوئی لینا دینا نہیں ہے"۔