عظمیٰ نیوز سروس
جموں//گزشتہ ماہ لاپتہ ہونے والے دو لڑکوں کو جموں و کشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں ہفتہ کو ان کے اہل خانہ کے ساتھ ملایا گیا ۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کٹھوعہ شوبیت سکسینہ نے بتایا کہ لڑکوں دین (14سال) اور رحمت علی (11سال) کو ان کے اہل خانہ نے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی تھی جب وہ 28 فروری کو بھمبرواہ میں ایک بکری کے فارم کے قریب مویشی چرانے گئے تھے۔انہوں نے کٹھوعہ میں نامہ نگاروں کو بتایا، “مشکل کوششوں کے بعد، پولیس نے لاپتہ لڑکوں کو تلاش کیا اور انہیں ان کے اہل خانہ سے ملایا”۔ایس ایس پی نے کہا کہ لڑکوں کے اہل خانہ کی جانب سے 9مارچ کو اس معاملے کی اطلاع دینے اور مختلف زبانوں میں لک آؤٹ پوسٹر گردش کرنے کے فوراً بعد پولیس نے ایف آئی آر درج کی۔انکاکہناتھا’’بچے پچھلے دو ہفتوں سے اپنے اہل خانہ کے ساتھ نہیں ہیں اور کچھ گھبرائے ہوئے ہیں۔ ہم آہستہ آہستہ تمام تفصیلات جان لیں گے اور ان کے لئے کونسلروں شامل کرنے کی منصوبہ بندی بھی کر رہے ہیں‘‘۔ سکسینہ نے کہاکہ کیس کی صحیح طریقے سے تحقیقات کے لیے تمام پہلوؤں کو کھلا رکھا گیا ہے۔تاہم ایس ایس پی نے کہا کہ فکر کرنے کی کوئی زیادہ بات نہیں ہے اور “ہم خوش ہیں کہ دونوں بچے اچھی صحت میں ہیں”۔