عظمیٰ نیوز سروس
جموں// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ پیر کو کٹھوعہ ضلع کے ایک دور افتادہ گائوں میں2 افراد کی پراسرار ہلاکت کے سلسلے میں متعلقہ افسران سے معاملے کی جانچ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔45 سالہ روشن لال اور 37 سالہ شمشیر کی لاشیں اتوار کو بلور کے گائوں بتھیری میں ندی کے کنارے سے برآمد کی گئیں اور ابتدائی معلومات سے معلوم ہوا کہ متوفی کو گلا دبا کر قتل کیا گیا تھا۔عبداللہ نے X پر لکھا”بلاور، کٹھوعہ میں دو افراد کی المناک موت سے گہرا غم ہوا۔ میرے خیالات اور دعائیں اس مشکل وقت میں ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، میرا دفتر مقامی ایم ایل اے کے ساتھ رابطے میں ہے اور متعلقہ افسران سے کہا گیا ہے کہ وہ ان اموات کی وجہ کی تحقیقات کریں‘‘۔بلاور سٹیشن ہائوس آفیسر جتیندر سنگھ نے کہا کہ پولیس نے اس واقعہ میں قتل کا مقدمہ پہلے ہی درج کرلیا ہے اور مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کیس میں ملی ٹینسی کے زاویئے سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔پچھلے سال کٹھوعہ کے کئی حصوں بشمول بلور میں ملی ٹینسی کی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا جس میں ایک فوجی گشت پر حملہ بھی ہوا جس میں پانچ فوجی ہلاک ہوئے۔