ترال// ڈگری کالج ترال میں زیر تعلیم طالب علموںکی موٹر سائیکلوں کوواپس نہ کرنے کے خلاف کالج میں زیر تعلیم طالب علموں نے ہڑتال کی دھمکی دی ہے۔ کٹھوعہ سانحہ کے خلاف احتجاج کے الزام میں فورسز نے کالج گیٹ پر موجود طالب علموں کی کئی موٹر سائیکلوں کو کیمپ میں پہنچانے کے ساتھ ساتھ کئی موٹر سائیکلوں کی توڑ پھوڑ کی۔طلاب کا کہنا ہے کہ دو ہفتے گزرنے کے باوجودفورسز نے موٹر سائیکلوں کو واپس نہیں کیا۔انہوں نے فورسزکے اس طرز عمل کے خلاف غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر دو دن کے اندراندر موٹرسائیکلوں کوواپس نہ کیا گیا تو کالج میںہڑتال ہوگی۔ادھر قصبے کے معزز لوگوں نے پولیس سے اپیل کی ہے کہ طالب علموں کی تعلیم پہلے ہی مختلف وجوہات کی وجہ سے متاثر ہے، اسلئے قصبے میں پر امن ماحول قائم رکھنے کیلئے ان کی موٹر سائیکلوں کو واپس کیا جائے۔