جموں//جموں وکشمیر کے کٹھوعہ ضلع کے باتھری بلاور علاقے میں مبینہ دوہرے قتل کیس کی تحقیقات کے لئے پولیس نے چھ نفری خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے۔اطلاعات کے مطابق 16فروری 2025کو کٹھوعہ کے باتھری بلاور علاقے میں دو افراد کی لاشیں پر اسرار حالت میں برآمد کی گئی۔پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر بعدازاں ان کی شناخت 45سالہ روشن لال اور 37سالہ شمشیر کے بطور کی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران منکشف ہوا کہ دونوں کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا گیا ہے۔باوثوق ذرائع کے مطابق پولیس نے اس دوہرے قتل میں ملی ٹینٹوں کے ملوث ہونے کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ 16فروری کو دونوں افراد کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے آس پاس کے جنگلی علاقوں میں بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا جو بدھ کے روز بھی جاری رہا۔ابتدائی تحقیقات کے دوران دوہرے قتل کی تصدیق ہونے کے بعد پولیس نے چھ نفری اعلیٰ سطحی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ 17فروری کو جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات کرنے کے احکامات صادر کئے۔