کٹھوعہ اور ادہمپورمیں 3دلدوز حادثات | باپ بیٹی سمیت 5لقمہ اجل، 7زخمی

یو این آئی

جموں// کٹھوعہ ضلع میں ٹریفک کے دو الگ الگ حادثات میں دو کمسن بچیوں سمیت چار افراد جاں بحق ہوئے ۔ پیر کی دوپہر جموں پٹھان کوٹ شاہراہ پر لکھن پور کے نزدیک تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل کو زور دار ٹکر ماردی جس وجہ سے موٹر سائیکل پر سوار والد اور اس کی بیٹی شدید طورپر زخمی ہوئے۔معلوم ہوا ہے کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دے دیا۔متوفین کی شناخت 40 سالہ سرجیت کمار اور اس کی بیٹی 11گیارہ سالہ سونالی ساکن شب چیک جموں کے بطور ہوئی ہے۔ جموں میں ہی قومی شاہراہ پر نامعلوم موٹر سائیکل نے راہ چلتی خاتون اور اسکی پوتی کو زور دار ٹکر ماری جس وجہ سے دونوں کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔متوفین کی شناخت 50سالہ سنتوش اور اس کی پوتی کی پہچان گیارہ سالہ سمیرا کے بطورکی گئی ہے۔دریں اثناء پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔علاوہ ازیں اتوار کی شام کو سری نگر جموں قومی شاہراہ پر ٹکری ادہمپور کے مقام پر دو نجی گاڑیاں آپس میں ٹکرانے سے آٹھ افراد زخمی ہوئے جن میں سے بعد میں خاتون کی ہسپتال میں موت واقع ہوئی۔