کٹرہ میں پانی کی بحرانی صورتحال پیدا | ڈی سی نے معاملے کے جلد ازالے کی یقین دہانی کرائی

عظمیٰ نیوز سروس

کٹرہ//ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن، کٹرہ کے صدر راکیش وزیر نے ڈپٹی کمشنر ریاسی ویشیش مہاجن کے ساتھ کٹرہ میں پانی کے بحران کے معاملے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیااور انہیں بتایا کہ کٹرہ اس وقت پانی کے گہرے بحران سے گزر رہا ہے اور صورتحال یہ ہے کہ محکمہ کے ذریعے پانی چھوڑ کر ہوٹل والوں کو بھی ٹینکروں کے ذریعے پانی حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور پانی کے بیشتر وسائل کا بہاؤ کٹرہ کے ارد گرد بہت کم یا سوکھ گیا ہے اور اس کے نتیجے میں لوگوں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے ۔موصوف نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو بتایا کہ اگرچہ اس معاملے کا ٹھوس حل وقت کی ضرورت ہے لیکن اس معاملے کے فوری ازالے کے لئے کٹرہ نارائنا، جھجر ندی کے راستے پاموٹے نالہ پر پمپ لگا کر کچھ ٹینکر فلنگ پوائنٹس بنائے جائیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے عوامی مشکلات کا بغور جائزہ لینے کے بعد ان کو یقین دلایا کہ معاملے کے طویل المدتی حل کے ساتھ ساتھ صورت حال کا فوری ازالہ ان کی ترجیح رہے گی اور جیسا کہ چند دنوں میں تجویز کیا گیا ہے کہ پموٹے نالہ / جھجر ندی کے پانی کے ٹینکرز کے فلنگ پوائنٹس کا جائزہ لیا جائے گا اور اگر سب کچھ ٹھیک ہوا تو مشترکہ کوششوں سے عوام کو کچھ ریلیف ملے گا ۔