سرینگر// گزشتہ روز شہر کے مصروف علاقہ ریذیڈنسی روڑ پر انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقعہ پر متاثرین کی تصاویر اتارتے ہوئے حراست میں لئے گئے فرانسیسی صحافی پال کومتی سے متعلق ایک ہفتہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے بشری حقوق کے ریاستی کمیشن نے پولیس کے نام نوٹس جاری کی۔ ٹی وی چینل ٹی ایف1سے ماضی میں وابستہ فرانسیسی صحافی کے خلاف ایک ایف آئی آر زیر نمبر87/2017زیر دفعہ14شقB پاسپورٹ ایکٹ درج کر کے کوٹھی باغ پولیس تھانے میں بند کیاگیا ہے۔ اس دوران بشری حقوق کارکن محمد احسن اونتو نے پیر کو ریاستی انسانی حقوق کمیشن میں پال کومتی کی گرفتاری سے متعلق ایک عرضداشت پیش کی جس میں یہ کہا گیا کہ پال کو کیوں گرفتار کیا گیا؟انسانی حقوق کے ریاستی کمیشن کے چیئرمین جسٹس(ر) بلال نازکی نے اس سلسلے میں پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک ہفتہ کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی کہ پال کومتی کو کیوں گرفتار کیا گیا۔کیس کی سماعت 18دسمبر کو مقرر کی گئی ہے۔ اونتو نے درخواست میں کہا ہے کہ پال کومتی پیلٹ متاثرین پر ایک دستاویزی فلم تیار کر رہے تھے،جس دوران انہیں حراست میں لیا گیا۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ایس پی ایسٹ کو ہدایت دی جائے کہ وہ پال کومتی کو کمیشن کے سامنے پیش کریںتاکہ وہ اپنی پوزیشن واضح کر سکیں۔ادھر اس سلسلے میں پولیس نے پہلے ہی کہا ہے کہ پال کومتی10روز قبل تجارتی دستاویزات (بزنس ویزا)پر کشمیر آئے۔پال کومتی نے2009میں افغانستان میں فرانسیسی فوج پر گھات لگا کر حملوں کی رپورٹنگ کرنے پر ایوارڑ بھی حاصل کیا ہے۔