نئی دہلی// انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ہندستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کو نا مساعد حالات میں بھی کرانے کو سنجیدگی سے لیا ہے اور اب اس معاملے کی جانچ طبی ماہرین کو دے دی گئی ہے ۔آئی سی سی نے جمعہ کو جاری بیان میں کہا کہ کوٹلہ ٹیسٹ کو دہلی میں آلودگی کی خوفناک صورت حال کے باوجود کرانا درست تھا یا نہیں اس معاملے کی جانچ ابھی طبی ماہرین کو سونپی گئی ہے ۔ سری لنکائی کھلاڑیوں کے میدان پر ماسک پہن کر کھیلنے کی وجہ سے بحث اور تنازعہ میں آئے کوٹلہ ٹیسٹ پر اب فروری میں ہونے والے آئی سی سی کے اجلاس میں بھی بحث کی جائے گی۔کھیل کی عالمی تنظیم نے اس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ آئی سی سی نے دہلی کے جن حالات میں ہند سری لنکا ٹیسٹ کرایا گیا اس پر سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے اور اس معاملے کو میڈیکل کمیٹی کے پاس تحقیقات کے لئے بھیجا ہے تاکہ وہ ان حالات کا جائزہ لیں اور مستقبل میں ایسی صورتحال کو روکا جاسکے ۔ہندستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا آخری تیسرا میچ دہلی کے کوٹلہ میدان پر دو سے چھ دسمبر تک کھیلا گیا تھا۔لیکن اس دوران دارالحکومت میں آلودگی انتہائی خطرناک پوزیشن تک پہنچ گئی تھی جس کی وجہ سے کئی بار دن میں بینائی تک کافی کم ہو گئی تھی۔وہیں سری لنکا کی ٹیم کے کھلاڑی میدان میں ماسک پہن کر فیلڈنگ کرنے پہنچے ۔سری لنکا کے کپتان دنیش چنڈیمل کو میچ کے دوران انہیلر کا استعمال کرنا پڑ گیا تو بہت سے کھلاڑیوں نے میدان پر قے بھی کر دی۔وہیں ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے بھی کہہ دیا ہے کہ نومبر سے دسمبر ماہ کے درمیان اگر دارالحکومت میں آلودگی ہو گی تو یہاں بین الاقوامی میچ منعقد نہیں کیے جائیں گے ۔آئی سی سی کی میڈیکل کمیٹی اس معاملے میں تحقیقات کر بین الاقوامی کرکٹ کو متاثر کرنے والی اس طرح کی میڈیکل صورت حال پر کچھ سفارشات بھی دے سکتی ہے ۔اس کے علاوہ مانا جا رہا ہے کہ عالمی ادارے کی کمیٹی آئی سی سی ٹورنامنٹ منعقد کرنے والے ممالک کے لئے بھی منصوبہ بندی بنا سکتی ہے ۔آئی سی سی نے ساتھ ہی کہا ہے کہ وہ آئندہ اجلاس میں آلودگی پر بھی بحث کرے گی۔یواین آئی۔