محمد بشارت
کوٹرنکہ//کوٹرنکہ میںکل دوپہر ایک دل خراش حادثہ پیش آیا جب ایک تیز رفتار آلٹو کار زیر نمبر JK11J-2526 نے پیدل چلنے والے ایک شخص کو زور دار ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی شخص کی شناخت محمد عالم ولد صلاح محمد، ساکن بریڑی، تحصیل خواص کے طور پر کی گئی ہے۔حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے محمد عالم کو ابتدائی طبی امداد کے لئے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کنڈی منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی حالت سنگین ہونے پر اسے بہتر علاج کے لئے جی ایم سی راجوری ریفر کر دیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق ٹکر کی شدت سے محمد عالم کی ٹانگ شدید زخمی اور فریکچر کا باعث بنی ہے۔محمد عالم کی اہلیہ، جو اس المناک واقعے کی چشم دید گواہ ہیں، نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا،’ہم صبح سویرے بریری سے کوٹرنکہ ڈاکٹر کو چیک کروانے آئے تھے۔ واپسی پر جیسے ہی ہم بس اڈے کی جانب بڑھ رہے تھے، ایک تیز رفتار آلٹو کار نے میرے شوہر کو زور سے ٹکر مار دی۔ ان کی ٹانگ ٹوٹ گئی ہے۔ وہ گھر کا واحد کفیل تھے، اب میں بچوں کے ساتھ کیا کروں؟‘۔دوسری جانب پولیس تھانہ کنڈی کی ٹیم سی ایچ سی کنڈی پہنچی، زخمی سے تفصیلات حاصل کیں اور گاڑی کے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔مقامی شہریوں نے حادثے کی وجہ غیر قانونی پارکنگ اور سڑکوں پر بڑھتے ہوئے تجاوزات کو قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شہر میں بے ہنگم پارکنگ اور فٹ پاتھ و سڑکوں پر قبضہ حادثات کا باعث بن رہے ہیں۔ عوام نے انتظامیہ سے سخت کارروائی کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر سڑکوں سے تجاوزات نہ ہٹائے گئے تو مستقبل میں مزید سنگین حادثات پیش آسکتے ہیں۔شہریوں نے کمزور ٹریفک مینجمنٹ، پولیس کی سست روی اور لوکل انتظامیہ کی لاپرواہی پر بھی شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جانوں کے تحفظ کے لئے فوری اقدامات ضروری ہیں، تاکہ آئے دن پیش آنے والے ایسے المناک حادثات کا سلسلہ ختم ہو سکے۔