محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ بلاک کی پنچایت حلقہ موڑا بی میں گزشتہ روز شام تقریباً چار بجے چیتے کا ایک بچہ نمودار ہوا۔ اس غیر معمولی واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہوگئی۔ مقامی لوگوں نے شور مچانا شروع کیا، کیونکہ انہیں اندیشہ تھا کہ چیتے کا بچہ جہاں موجود ہے، وہاں اس کی ماں بھی ہوسکتی ہے، جو خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔مقامی باشندہ ارون دیو سنگھ ٹھاکر نے بتایا کہ یہ بچہ ان کے گھر کے قریب نمودار ہوا۔ انہوں نے فوری طور پر اپنی حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے زندہ پکڑ لیا۔ ارون دیو سنگھ نے مزید کہا کہ وہ اس بچے کو محکمہ جنگلی حیات (وائلڈ لائف) کے حوالے کرنے کے لئے راجوری جا رہے ہیں، تاکہ اس کی مناسب دیکھ بھال کی جاسکے اور کسی ممکنہ خطرے کو ختم کیا جاسکے۔علاقہ کے لوگوں نے محکمہ جنگلی حیات سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس مسئلے کا نوٹس لے اور علاقے میں موجود کسی بھی ممکنہ خطرناک جانور کی تلاش کیلئے اقدامات کرے۔ اس واقعے نے مقامی آبادی کو خوفزدہ کردیا ہے، اور لوگ رات کو خاص احتیاط برتنے کی ہدایت کر رہے ہیں۔محکمہ جنگلی حیات نے بھی اس واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور جلد مزید کارروائی کا وعدہ کیا ہے۔