محمد بشارت
کوٹرنکہ//کوٹرنکہ سے خواص کی جانے والی تحصیل کوٹرنکہ کی اہم سڑک گزشتہ 18 روز سے آمدو رفت کے لئے بند ہے۔ مقامی لوگوں نے محکمہ تعمیرات عامہ کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ نئے تعمیر ہو رہے پل کے ساتھ پرانی پلی میں شگاف پڑنے کی وجہ سے سڑک بند ہوگئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک محکمہ کی جانب سے متبادل سڑک کا معقول انتظام نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ جو سڑک نکالی گئی ہے وہ قابل آمدو رفت نہیں ہے اور راہگیروںو مسافروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل خواص کی وسیع آبادی سڑک کے بند ہونے کی وجہ سے بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سکولی بچوں کے ساتھ ساتھ ہسپتال کی ایمبولینس بھی متاثر ہے کیونکہ علاقہ میں کوئی بھی ایمر جنسی ہو تو اسے چار پائی پر اٹھاکر ہسپتال پہنچایا جا رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ پر زور دیاکہ وہ سڑک کا دورہ کرے اور یہاں کے حالات کا معائنہ کرے کہ عوام کس مشکلات سے جوجھ رہی ہے۔ انہوں نے ایل جی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سب ڈویژن کوٹرنکہ محکمہ تعمیرات عامہ کو نیند سے بیدار کیا جائے اور جلد سڑک کی مرمت کی جائے ورنہ بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا۔