محمد بشارت
کوٹرنکہ// جموں کشمیر کے دیگر سیاحتی مقامات کی ہی طرح راجوری کا کوٹرنکہ بدھل کا علاقہ ایسے دلفریب اور قدرتی حسن سے مالا مال علاقے موجود ہیں جہاں کی خوبصورتی دیکھنے کے لیے مقامی سطح پر سیاحوں کی ایک بڑی تعداد رجوع کرتی ہے ۔دیر رات سے ہو رہی برفباری کی وجہ سے کوٹرنکہ کا پتلی قلعہ، متھاٹیکا، ناگا تھمب، ڈانہ دریڑی اور بدھل کا نمبل بھتان کلہاڑ علاقہ سیلانیوں کے مرکز بنے ہوئے ہیں۔لوگوںنے کہا کہ کوٹرنکہ اور بدھل کے ان خوبصورت علاقوں کو سیاحت کے نقشہ پر لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے مذکورہ مقامات کو سیاحی نقشے پر نہیں لایا جاسکا۔انہوں نے کہا کہ صبح کے وقت سورج کی کرنوں سے دلکش پہاڑ چاندی کی طرح چمکتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں اور پہاڑیوں کے دامن میں میٹھے آبشاراور جھاڑیوں میں چڑیوں کا چہچہانا خوبصورت منظر پیش کرتا ہے وہیں کئی ایسے میدان اور پہاڑی سلسلے موجود ہیں جو قدرتی خوبصورتی کی وجہ سے اپنی مثال آپ ہیں۔ مقامی لوگوں نے مانگ کی کہ کوٹرنکہ بدھل کے قدرتی حسن سے مالا مال علاقوں کو جلد از جلد سیاحتی نقشہ پر لانے کے لیے جنگی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے تا کہ زیادہ سے زیادہ یہ علاقے سیلانیوں کا مرکز بن سکیں۔