سمت بھارگو
راجوری//راجوری کے کوٹرنکہ سب ڈویژن کے مدھار گائوں میں کووڈ ویکسی نیشن مہم کیلئے تعینات سٹاف ممبران کی ایک ٹیم پر کچھ افراد نے حملہ آور ہوتے ہوئے ان کو یرغمال بھی بنالیا ۔منگل کو مذکورہ گائوں میں اس وقت افراتفری دیکھنے کو ملی جب کووڈ ویکسی نیشن ٹیم اسکولی بچوں کو ٹیکہ لگانے کیلئے پہنچی لیکن علاقے کے کچھ مکینوںنے اس کی مزاحمت کی اور مبینہ طور پر ایک گھنٹے تک ٹیم کو یرغمال بنائے رکھا۔محکمہ صحت کے مطابق، معمول کے مطابق کووڈ ویکسی نیشن مہم کے تحت کنڈی بلاک سے محکمہ صحت کی ایک ٹیم تحصیل کوٹرنکا کے گاؤں مدھار بھیجی گئی اور ٹیم گورنمنٹ مڈل اسکول مدھاڑ پہنچی اور بارہ سے پندرہ سال کی عمر کے بچوں کی ویکسی نیشن شروع کیتاہم بچوں کی ویکسی نیشن شروع ہونے کے فوراً بعد پانچ سے چھ مقامی افراد نور حسین کی سربراہی میں اسکول کے احاطے میں پہنچ گئے اور محکمہ صحت کی ٹیموں کے خلاف نعرے بازی شروع کردی۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ افراد نے محکمہ صحت کی ٹیم کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے بے بنیاد الزامات بھی عائد کئے ۔رابطہ کرنے پر بلاک میڈیکل آفیسر کنڈی ڈاکٹر اقبال ملک نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے ویکسی نیشن کے عمل میں رکاوٹ ڈالی۔انہوں نے ہیلتھ ٹیم کو دھمکیاں دی اور ممبران پر حملہ کرنے کی بھی کوشش کی۔آفیسر موصوف نے کہاکہ پولیس سے رجوع کیا گیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ پورے معاملہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔