کے این ایس
کولگام// ضلع کولگام کے کئی سرکاری سکولوں میں فزیکل ایجوکیشن استادوں کی تعیناتی نہ ہونے کی وجہ سے ان سکولوں میں طلاب کسی کھیل سرگرمی میں حصہ نہیں لے پارہے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کھیل کود کی طرف نوجوانوں کو راغب کرنے کیلئے اگرچہ بڑے پیمانے پر اقدام کررہی ہیں،تاہم کولگام ضلع کے اکثرسکولوں جہاں طلاب کی بڑی تعدادتعلیم حاصل کررہی ہیں،میں کوئی بھی فزیکل ایجوکیشن استادتعینات نہیں ہے،جس وجہ سے بیشتر گورنمنٹ اسکولوں میں طلبہ و طالبات کو کھیلنے کا موقع نہیں مل رہا ہے ۔
لوگوں نے سکولوں میں فزیکل ایجوکیشن استادوں کی تعیناتی کا مسئلہ کئی بار سرکار کی نوٹس میں لایا لیکن یقین دہانی کے سواکچھ نہ ملا ۔دستیاب اعداد شمار کے مطابق گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول دمہال ہانجی پورہ جہاں پچھلے ایک سال سے فزیکل ایجوکیشن استادنہیں ہے جبکہ سکول میں500سے زائد طلاب کا رول ہے۔ اسی طرح ہائر سیکنڈری اسکول کھل احمد آباد میں بھی کوئی بھی فزیکل ایجوکیشن استاد موجود نہیں ہے۔ ہائر سیکنڈری اسکول دنیو کنڈی مرگ میں بھی فزیکل ایجوکیشن ٹیچر کے بغیر ہے جہاں 1000 طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں۔ ہائر سیکنڈری اسکول منزگام جہاں 500سے زائد طالبات زیر تعلم ہیں، وہاں بھی فیزیکل ایجوکیشن ٹیچرنہیں ہے ۔اسی طرح گرلز مڈل اسکول کھوری بٹہ پورہ میں پچھلے تین سالوں سے کوئی بھی فزیکل ایجوکیشن استاد موجود نہیں ہے جس میں تقریباً 1000 طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں۔ اسی طرح گرلز ہائر سیکنڈری اسکول کولگام میں بھی فیزیکل ایجوکیشن ٹیچرنہیں ہے، جہاں ایک ہزارسے زائدطلاب کا رول ہے۔