نئی دہلی //انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کولگام واقعہ کی موثر،آزاد اور منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔واضح رہے کہ21 اکتوبر کو لاروکولگام میں جھڑپ کے دوران 3جنگجو مارے گئے تھے ، جس کے بعد جائے جھڑپ پر دھماکہ ہوا جس میں 7شہریوں کی جان گئی۔ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر آکر پٹیل نے کہا کہ ’’کولگام انکاونٹر کے بعد جو ہوا انتہائی افسوس ناک تھا اور اگر حکام اضافی احتیاط کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بناتے کہ شہریوں کے یہاں آنے سے قبل علاقے کو موثر طریقے سے محفوظ بنایا جائے تو ایسا ہرگز نہیں ہوتا‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ’’سیکورٹی فورسزاور مسلح افراد کے درمیان بالواسطہ یا بلاواسطہ جھڑپوں میں اضافی احتیاط کرنی چاہیے تاکہ علاقے میں موجود شہریوں کو اجتماعی نقصان نہ پہنچے،شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہونی چاہیے‘‘۔انہوں نے بتایا کہ ’’ ایمنسٹی اس بات کو تسلیم کرتی ہے کہ اس واقعہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے‘‘۔پٹیل نے حکام پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ جو اس واقعہ میں ملوث ہیں ، کوشہریوں کے انسانی حقوق کی حفاظت نہ کرنے کے جرم میں انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جاسکے۔