عظمیٰ نیوز سروس
کولگام// محکمہ باغبانی، کولگام نے منگل کو منی سیکرٹریٹ کولگام کے کانفرنس ہال میں ایک دن بھر کے بیداری پروگرام کا انعقاد کیا۔بیداری کیمپ کا بنیادی مقصد کسانوں اور نوجوانوں میں محکمہ کی مختلف اسکیموں خاص طور پر نئی شروع کی گئی موڈیفائیڈ ہائی ڈینسیٹی اسکیم کے بارے میں بیداری پیدا کرنا تھا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے محکمہ پر زور دیا کہ وہ کالجوں میں بیداری کیمپوں کا انعقاد کرے تاکہ با صلاحیت نوجوانوں کو باغبانی کے شعبے میں مختلف اسکیموں اور ٹیکنالوجیز سے آگاہ کیا جا سکے۔انہوں نے محکمہ پر زور دیا کہ وہ کسانوں کی تکنیکی مدد کو یقینی بنائے اور کاشتکار برادری میں جدید تکنیکی مداخلتوں اور طریقوں کو فروغ دیا جائے تاکہ وہ معیاری پیداوار حاصل کر سکیں اور بہترین قیمت حاصل کر سکیں۔پروگرام کے دوران، باغبانی اور کے وی کے پومبے کے ماہرین نے شرکا کو فصل کی پیداواری صلاحیت اور معیار کو بڑھانے کے لیے اس شعبے میں مختلف اسکیموں اور نئی ٹیکنالوجیز کے بارے میں آگاہ کیا۔