محمد تسکین
بانہال// اتوار کی شام بانہال کا ایک 25 سالہ نوجوان شمسی پورہ کولگام ریلوے کراسنگ کے نزدیک سڑک کے ایک المناک حادثے میں لقمہ اجل بن گیا۔ ادھر ہیرا نگر میں بجلی کی ترسیلی لائن ٹرک پر گرنے سے کرنٹ لگنے سے ڈرائیور جاں بحق ہوا۔25 سالہ عاقب محمود ولد محمود شیخ ساکن بنکوٹ بانہال شام 8بجے کے قریب اپنی گاڑی میں سرینگر سے واپس اپنے گھر بانہال کی طرف آرہا تھا کہ ریلوے پھاٹک کے قریب اس کی گاڑی ایک کنکریٹ دیوار سے ٹکرانے کے بعد پلٹ گئی۔
پولیس نے بتایا کہ کنکریٹ دیوار سے ٹکرانے کی شدت سے مہلوک نوجوان گاڑی سے باہر گر گیا اور وہ پلٹ رہی گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوا۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی مدد سے زخمی نوجوان کو جی ایم سی اننت ناگ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔دریں اثناء خونی نالہ میں اننت ناگ سے جموں جارہی ایک نجی کار میں اچانک آگ لگ گئی اور کار آگ کی شعلوں میں جل کر خاکستر ہوئی تاہم اس میں سوار سبھی 4افراد محفوظ رہے۔ادھر ہیرا نگر جموں میں کرنٹ لگنے سے ایک ٹرک ڈرائیور کی موت واقع ہوئی۔ ہیرا نگر میں بجلی کی ترسیلی لائن ٹرک پر گری جس کے باعث ڈرائیور کو کرنٹ لگی اور وہ بری طرح جھلس گیا۔ سرجیٹ سنگھ ساکن رام نگر ادہم پور نامی ڈرائیور کو اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ادھرپلوامہ میں چنار کے درخت سے گر کر ایک شخص کی موت ہوئی۔ پلوامہ ضلع کے ترچھ گاؤں میں پیر کو محمد یوسف الائی ولد غلام قادر ساکن اوکھو کاکاپورہ پیر پھسلنے کی وجہ سے اپنا توازن کھو بیٹھا اور چنار کے درخت سے نیچے گرا۔اس کو ضلع اسپتال پلوامہ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔