عارف بلوچ
اننت ناگ// جموں و کشمیر میں انسداد ملی ٹینسی کی سب سے طویل کارروائیوں میں سے ایک میں، کولگام ضلع میں جمعہ کو گولی باری آٹھویں دن میں داخل ہوگئی جب سیکورٹی فورسز گھنے جنگلاتی علاقے میں چھپے ہوئے ملی ٹینٹوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔حکام نے بتایا کہ پولیس اور فوج کے سینئر افسران چوبیس گھنٹے آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔جمعرات کو جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ نلین پربھات نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے آپریشن ایریا کا دورہ کیا۔فوج کے شمالی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پراتیک شرما نے جنوبی کشمیر میں سیکورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی گرڈ کا بھی جائزہ لیا، جہاں انہیں جاری آپریشن کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ آپریشن آٹھویں دن میں داخل ہو گیا ہے اور ابھی تک جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز نے ڈرون اور ہیلی کاپٹروں کو جنگلی علاقے میں دشوار گزار علاقے میں ملی ٹینٹوں کا پتہ لگانے کے لیے استعمال کیا ہے۔ چھپے ہوئے ملی ٹینٹوںکو بے اثر کرنے میں پیرا کمانڈوز بھی سیکورٹی فورسز کی مدد کر رہے تھے۔حکام نے مزید کہا کہ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز کے7 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔اس تصادم میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے ہیں، جو گزشتہ جمعہ کو شروع ہوا تھا جب سیکورٹی فورسز نے اکہال دیوسر میں ایک جنگلاتی علاقے میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بارے میں مخصوص انٹیلی جنس اطلاعات کے بعد گھیرا اور تلاشی آپریشن شروع کیا تھا۔یہ جموں و کشمیر میں اب تک کا سب سے طویل آپریشن ہے۔