کولگام // چو گام دیوسر میں حزب اور لشکر کے 5جنگجوئوں اور ایک عام شہری کی ہلاکت کے خلاف کولگام اور اننت ناگ اضلاع میں دوسرے روز بھی مکمل ہڑتال کی وجہ سے معمولات کی زندگی بری طرح متاثر رہی ہے ۔اس دوران انتظامیہ نے بارہمولہ بانہال ریل سروس دوسرے روزبھی بند رکھی۔اننت ناگ اور کولگام ضلع ہیڈکوارٹروں کے علاوہ دیالگام، ڈورو، کوکر ناک، بجبہاڑہ،مٹن، سیر ہمدان، اچھہ بل ،ونپوہ، کھڈونی، ریڈونی، کیموہ،بوگام، دیوسر، قاضی گنڈ اور دیگر مقامات پرمکمل ہڑتال رہی اور سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدروفت بھی معطل رہی۔ ہڑتال کے باعث دونوں اضلاع کے اطراف و اکناف میں بازار، کاروباری ادارے مکمل بند رہے جبکہ سڑکوں سے ٹرانسپورٹ غائب رہا۔ اس دوران لوگوںکی ایک بڑی تعداد جاں بحق جنگجوئوں اور عام شہری کے گھر تعزیت پرسی کرنے کے گئی ۔