یو این آئی
بگوٹا// کولمبیا کے چوکو صوبے میں مٹی کے تودے گرنے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 33 ہو گئی ہے، جب کہ 20 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔کولمبیا کی میگزین سیمانا نے اتوار کو مقامی افسران کے حوالے سے یہ اطلاع دی۔ جمعہ کو ملک کے مغرب میں کارمین ڈی ایٹراٹو کی میونسپلٹی میں کوئبڈو اور میڈلین شہروں کے درمیان ایک سڑک پر مٹی کے تودے گرے تھے۔کولمبیا کے میڈیا نے بتایا کہ لینڈ سلائیڈنگ نے سڑک کے قریب ایک مکان کو تباہ کر دیا، جس کے اندر تقریباً 50 افراد ملبے تلے دب گئے۔کولمبیا کے صدر گستاو پیٹرو نے اس واقعے کو ’خوفناک سانحہ‘ قرار دیتے ہوئے حکام سے کہا کہ وہ آفت سے متاثرہ افراد کی ہر ممکن مدد کریں۔نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ یونٹ (یو این جی آر ڈی) نے کل ایک بیان میں کہا کہ کم از کم 35 زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کولمبیا ایرو اسپیس فورس (ایف اے سی) نے زخمیوں کو منتقل کرنے کے لیے ایک ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا اور 82 ریسکیو یونٹوں کو متاثرہ علاقے میں روانہ کیا گیا۔جائے وقوعہ پر موجود عینی شاہدین نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ تباہی سے قبل تقریباً 50 افراد ایک مکان میں شدید بارش کے دوران پناہ لئے ہوئے تھے جو کہ اچانک مٹی کے تودوں کی زد میں آ گئی۔
یو این جی آر ڈی نے کہا کہ بچاؤ کی کوششیں جاری ہیں اور متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔