ارشاد احمد
بڈگام//وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں منگل کی صبح ایک مختصرمسلح تصادم آرائی کے دوران2مقامی ملی ٹینٹ مارے گئے ۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیرزون وجے کمارنے مہلوک ملی ٹینٹوںکاتعلق لشکر طیبہ سے بتاتے ہوئے کہاکہ دونوں ایک حالیہ انکائونٹر کے دوران فرار ہونے میں کامیاب ہوئے تھے ۔کشمیر پولیس نے ایک ٹویٹ میں بتایاکہ ملی ٹینٹوںکی نقل وحمل سے متعلق مصدقہ اطلاع ملنے پر پولیس اورفوج نے بڈگام قصبہ میں کورٹ کمپلیکس کے قریب ایک ناکہ لگایاتھا۔پولیس کے مطابق اس دوران یہاں سے ایک مشتبہ سومو گاڑی گزری ،جس کو رُکنے کااشارہ کیاگیا لیکن اس میں سوار ملی ٹینٹوںنے فائرنگ شروع کردی ۔
انہوں نے بتایا کہ گاڑی میں سوار ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی اور فرار ہونے کی کوشش کی تاہم سلامتی عملے کی کارگر حکمت عملی نے جنگجووں کو فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا اور جوابی کارروائی میں دونوں ملی ٹینٹ مارے گئے۔ پولیس کے مطابق ناکہ چیکنگ پر مامور پولیس وفوج کی مشترکہ پارٹی کیساتھ مختصر تصادم آرائی میں 2ملی ٹینٹ مارے گئے ۔انہوںنے مزیدکہاکہ طرفین کے درمیان فائرنگ کاتبادلہ منگل کی صبح تقریباً9بجکر50منٹ پرشروع ہوا،جوچند منٹوں تک جاری رہا۔پولیس نے کہاکہ مقام جھڑپ سے مارے گئے دونوں ملی ٹینٹوںکی نعشیں اور ایک رائفل اور ایک پستول کے علاوہ گولی بارود برآمد کرکے ضبط کیاگیا۔اے ڈی جی وجے کمارنے کہا کہ بڈگام انکائونٹر میں مارے گئے ملی ٹینٹوں کی شناخت ارباز میر اور شاہد شیخ ساکنان پلوامہ کے طور پر ہوئی ہے، جن کا تعلق کالعدم تنظیم ایل ای ٹی سے ہے۔پولیس ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ارباز احمد میر ولد غلام احمد میر ساکن پوتری گام مورن 20دسمبر2022 سے لاپتہ تھا۔شاہد رشید شیخ ولد عبدالرشید شیخ ساکن کیسری گام کاکہ پورہ پلوامہ24دسمبر 2022سے لاپتہ تھا۔