پرویز احمد
سرینگر //جموں و کشمیر میں کورونا وائرس متاثرین میں ایک دن کی کمی کے پھر سے اچھال دیکھنے کو ملا ہے۔ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 12ہزار 124ٹیسٹ کئے گئے جن میں 7مسافروں سمیت مزید 741افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 4لاکھ 65ہزار 904ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں صوبے میں منگل کو مزید ایک شخص وائرس سے فوت ہوگیا ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 4773بنی ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کئے گئے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے مزید 741افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں جموں صوبے میں 226جبکہ کشمیر میں 515افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ کشمیر صوبے میںمثبت قرار دئے گئے سبھی 515افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں اور اس طرح وادی میں کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ کا سلسلہ جاری ہے۔ کشمیر میں مثبت قرار دئے گئے 515افراد میں سرینگر میں سب سے زیادہ 239، بارہمولہ میں125، بڈگام میں 42، پلوامہ میں 14، کپوارہ میں 38، اننت ناگ میں 14، بانڈی پورہ میں 15، گاندربل میں 5، کولگام میں20 جبکہ شوپیان میں 3افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 94ہزار کا ہندسہ پار کرکے 2لاکھ 94ہزار 149ہوگئی ہے۔ اس دوران وادی میں مسلسل تیسرے دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔متوفین کی مجموعی تعداد 2429بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے میں کورونا وائرس سے 226افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں 7بیرون ریاستوں کا سفر کرکے واپس لوٹے جبکہ دیگر 219افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے میں متاثر ہونے والے 226افراد میں ضلع جموں میں 129، ادھمپور میں 14،راجوری میں 16، ڈوڈہ میں 24، کٹھوعہ میں 7، سانبہ میں 3، کشتواڑ میں 3، پونچھ میں 2، رام بن میں 25 جبکہ ریاسی میں 3کی رپوٹیں مثبت آئی ہیں۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 71ہزار 755ہوگئی ہے۔ جموں صوبے میں مسلسل تیسرے دن بھی کورونا وائرس سے ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔ مرنے والے شخص کا تعلق ۔۔۔ ضلع سے ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2344ہوگئی ہے۔
ملک میں منکی پوکس کا 8واں کیس درج
کورونا کے 13,734نئے معاملات ،27ہلاکتیں
نیوز ڈیسک
نئی دہلی// ہندوستان میں اب تک منکی پوکس کے8 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور ایک قومی ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے تاکہ تشخیص اور ویکسین کی نگرانی کی جاسکے۔ راجیہ سبھا میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر نے کہا کہ آج تک ہندوستان میں اس بیماری کے آٹھ کیسز کا پتہ چلا ہے، جن میں سے پانچ کی غیر ملکی سفری تاریخ ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ دلی میں زیر علاج ایک مریض کو اسپتال سے رخصت کیا گیا لیکن اتوار کو ایک اور کیس سامنے آیا۔ منکی پوکس میں ابتک کیرالا میں ایک شخص کی موت واقع ہوئی ہے جو دوبئی سے واپس آیا تھا۔ادھرمنگل کو مرکزی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق، ایک دن میں 13,734 نئے کورونا وائرس کے انفیکشن کی اطلاع کے ساتھ، ہندوستان میں کوویڈ معاملات کی تعداد بڑھ کر 4,40,50,009 ہو گئی جبکہ27 نئی اموات کے ساتھ مرنے والوں کی تعداد 5,26,430 تک پہنچ گئی ہے۔ایکٹو کیسز کم ہو کر 1,39,792 ہو گئے ہیں۔
کوویڈاسپتالوں میں 250بیڈ دستیاب
۔20مریض زیر علاج،سکمز میں5اور سی ڈی اسپتال میں15داخل
پرویز احمد
سرینگر //شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ اور سی ڈی اسپتال ڈلگیٹ اور وادی کے دیگر 10اضلاع اسپتالوں میں 40آئیسولیشن بیڈوں سمیت 250بیڈ کورونا متاثرین کیلئے دستیاب رکھے گئے ہیں جن میںصرف 20بستروں پر مریض موجود ہیں جبکہ 230بستر ابھی بھی خالی پڑے ہیں۔سکمز صورہ میں 100بستر دستیاب ہیں جبکہ یہاں صرف 5مریض زیر علاج ہیں۔ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق احمد جان نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا ’’ سکمز صورہ کے آئیسولیشن وارڈ میں روزانہ 4سے 5مریض زیر علاج رہے تھے ا اور اس میں ابھی کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے‘‘۔ڈاکٹر فارو ق جان نے بتایا کہ کورونا وائرس متاثرین میں اضافہ کی وجہ سے اسپتالوں میں داخلہ پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف ان مریضوں کو ہی داخل کیا جاتا ہے جن کی حالت نازک ہوتی ہے جبکہ دیگر مریض گھروں میں ہی قرطین رہتے ہیں۔ سی ڈی اسپتال ڈلگیٹ میں کورونا متاثرین کیلئے 93بستر دستیاب ہیں لیکن یہاں صرف 15متاثرین داخل کیا ہے۔ چیف سی ایم او سی ڈی اسپتال ڈاکٹر عادل نے بتایا ’’ مزید 4متاثرین کو داخل کیا گیا ہے اور اب داخل مریضوں کی تعداد 15ہوگئی ہے۔
ڈاکٹر عادل نے بتایا کہ کوروناوائرس سے متاثرین ہونے والے افراد میں ہلکی علامتیں موجود ہوتی ہیں جو تین چار دنوں میں ٹھیک ہوجاتی ہے لیکن جن مریضوں کی حالت نازک ہوگی ہیں ، انہیں اسپتال میں داخل کیا جاتا ہے۔اس کے علاوہ جی وی سی اسپتال بمنہ میں 14بستر کورونا متاثرین کیلئے دستیاب ہیں لیکن یہاں کوئی بھی مریض زیر علاج نہیں ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ صحت نے وادی کے10ضلع اسپتالوں میں 40آئیسولیشن بیڈ دستیاب رکھیں ہیں لیکن ان میں کوئی بھی مرریض متاثرہ شخص داخل نہیں ہے۔ چیف میڈیکل آفیسر بڈگام ڈاکٹر تجمل حسین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ ہر ایک ضلع اسپتال میں کورونا متاثرین کی 4بستروں کو مخصوص ررکھا گیا ہے اور زیادہ علیل مریضوں کو سکمز صورہ اور سی ڈی اسپتال ڈلگیٹ منتقل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے‘‘۔ڈاکٹر تجمل نے کہا ’’ حالیہ اضافہ کی وجہ سے اسپتال میں متاثرین کے داخلوں پر کوئی ببھی فرق نہیں پڑا ہے کیونکہ بیشتر متاثرین میں ہلکی علامتیں پائی جاتی ہیں جو دو سے تین دنوں میں ٹھیک ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا ’’ متاثرین جلد ٹھیک ہورہے ہیں اور اس وجہ سے اسپتالوں میں آئیسولیشن بیڈ بھی خالی پڑے ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں سرگرم معاملات کی تعداد 4ہزار 711تک پہنچ گئی ہے جن میں جموں میں 1808جبکہ کشمیر میں 2903معاملات سرگرم ہیں۔