ریاض// سعودی عرب اور چین نے اتوار کو کورونا وائرس ‘کووڈ -19’ کے نمونوں کی جانچ کو بڑھانے کے لئے معاہدے پر دستخط کئے ۔سعودی عرب میں چین کے سفیر چن و یکنگ نے ریاض میں دستخط کی تقریب کے دوران کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان روایت اور عزم کی عکاسی کرتا ہے بلکہ یہ دونوں ملکوں کے صحت سے متعلق آئندہ ترقی کے لیے اچھے آغاز کی بھی نمائندگی کرتا ہے ۔ مسٹر ویکنگ نے کہا کہ اس کے پورا ہونے کے بعد یہ منصوبہ سعودی عرب کی وائرس کا پتہ لگانے کی صلاحیت میں اضافہ کرے گا اور وبا کے خلاف سعودی لوگوں کی لڑائی میں تعاون کرے گا ۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق 26.5 کروڑ امریکی ڈالر کے اس معاہدے کے تحت چین تقریباََ 90 لاکھ کووڈ -19 جانچ اور دیگر سامان کی فراہمی کے ساتھ ہی چین کے 500 طبی ماہر سعودی عرب میں ٹیسٹ کرنے اور وہاں کے طبی عملے کو تربیت دیں گے ۔ اس دوران سعودی وزارت صحت کے مطابق اتوار کو کورونا کے 1،223 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔