عظمیٰ نیوزڈیسک
جنیوا // کورونا وائرس نے ایک بار پھر دنیا کو اپنی گرفت میں لینا شروع کر دیا ہے۔ حالانکہ معاملات میں معمولی کمی دیکھی گئی ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ اس وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد میں گزشتہ 28 دنوں کے مقابلہ میں 8 فیصد کمی آئی ہے اور 3000 سے زیادہ نئی اموات ہوئی ہیں۔ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ گزشتہ چار ہفتوں کے دوران کووڈ کے نئے مریضوں کی تعداد میں 52 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے ‘JN.1’ ویریئرنٹ کے تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسز کے درمیان اس کو ‘ویریئنٹ آف انٹریسٹ’ قرار دیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق اب یہ گلوبل انیشیئٹیو آن شیئرنگ آل انفلوئنزا ڈیٹا (جی آئی ایس اے آئی ڈی) سے وابستہ BA.2.86 نسب سے ہے۔حال ہی میں کئی ممالک میں ‘JN.1’ ویریئنٹ کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور دنیا میں اس ویریئنٹ کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔ اس ویریئنٹ کا ایک معاملہ ہندوستان میں بھی سامنے آیا ہے۔ ہندوستان کی وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے مطابق ‘جے این 1’ کے کیسز امریکہ، چین، سنگاپور اور ہندوستان میں پائے گئے ہیں۔ چین میں اس کے سات کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔دوسری جانب ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ 19 کے 752 نئے کیسز درج کئے گئے اور زیر علاج مریضوں کی تعداد بڑھ کر 3,420 ہو گئی ہے۔ یہ 21 مئی 2023 کے بعد سے ملک میں ایک دن میں سامنے آئے کورونا وائرس انفیکشن کے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔ مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے ذریعہ جاری اعداد و شمار کے مطابق ہفتہ کی صبح 8 بجے تک ملک میں CoVID-19 کے کیسز کی کل تعداد 4.50 کروڑ (4,50,07,964) ہے۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران انفیکشن سے چار افراد کی موت کے بعد اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 5,33,332 ہو گئی ہے۔