عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //جموں و کشمیر میں خوراک کی حفاظت اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کی تیز مہم کے تسلسل میں، خوراک، شہری سپلائی اور امور صارفین کے وزیر ستیش شرما نے سرینگر کے مختلف حصوں میں ایک جامع معائنہ مہم کی قیادت کی۔ اس معائنہ میں فوڈ کارپوریشن آف انڈیا کے گوداموں، مناسب قیمت کی دکانوں، ہوٹلوں، ریستوران اور اسٹریٹ فوڈ فروشوں کا احاطہ کیا گیا۔ستیش شرما نے ذخیرہ کرنے کے بنیادی ڈھانچے، سٹاک ہینڈلنگ کے طریقہ کار اور صفائی کے معیارات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کوالٹی کنٹرول کے مقررہ اصولوں پر سختی سے عمل کرنا چاہیے۔ غفلت کی قطعا کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ باقاعدگی سے اندرونی آڈٹ کریں، کیڑوں پر قابو پانے اور مناسب وینٹیلیشن کو یقینی بنائیں۔کشمیر میں ملاوٹ شدہ اور غیر محفوظ گوشت کی حالیہ اطلاعات اور ضبطی کے پیش نظر، ستیش شرما نے ہوٹلوں، ریستورانوں اور گلیوں میں دکانداروں کا اچانک معائنہ کیا۔ یہ چیک گوشت کی فراہمی، ذخیرہ کرنے کے حالات، کچن میں حفظان صحت کے طریقوں اور استعمال کیے جانے والے خام مال کی تازگی پر مرکوز تھے۔ وزیر نے سخت انتباہ جاری کیاکہ ملاوٹ شدہ گوشت کی ذخیرہ اندوزی، استعمال یا تجارت میں ملوث افراد جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، یہ کوئی معمولی خلاف ورزی نہیں ہے بلکہ یہ ایک مجرمانہ فعل ہے، حکومت سخت اور فوری تعزیری کارروائی کرے گی۔ستیش شرما نے انفورسمنٹ اسکواڈز کو خاص طور پر حساس علاقوں میں سخت چوکسی برقرار رکھنے اور ہائی رسک اداروں کا چوبیس گھنٹے اچانک معائنہ کرنے کی ہدایت کی۔وزیر نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ چوکس رہیں اور کسی بھی مشکوک یا غیر صحت بخش کھانے کے طریقوں کی اطلاع حکام کو دیں۔