سرینگر//ریاستی سرکارنے ’’چوٹیاں کاٹ سرگرمیوں کوایک تحقیق طلب معمہ‘‘قراردیتے ہوئے واضح کردیاکہ ابھی تک ایسے واقعات کاکوئی مستند ثبوت نہیں ملاہے۔وزیراطلاعات ورابطہ عامہ چودھری ذوالفقارعلی نے عوام سے افواہوں پرکان نہ دھرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ بہت جلدشرانگیزوں کوبے نقاب کیاجائیگا۔کشمیرنیوزسروس کیساتھ بات کرتے ہوئے ریاست کے وزیربرائے اطلاعات ورابطہ عامہ اورخوراک ،رسدات وعوامی تقسیم کاری چودھری ذوالفقارعلی کاکہناتھاکہ خواتین اورلڑکیوں کی چوٹیاں کاٹنے کاوادی بھرمیں شورہے لیکن ابھی تک ایسے واقعات کاکوئی مستندثبوت نہیں ملاہے۔انہوں نے کہاکہ ریاستی سرکارایسے واقعات میں ملوث عناصراوراس شرانگیزی کے درپردہ محرکات کاسراغ لگاکرہی رہے گی ۔ذوالفقارعلی نے ایک سوال کے جواب میں بتایاکہ گیسوتراشی کی سرگرمیوں کاپردہ فاش کرنے میں سرکارسنجیدہ ہے ،اورحقائق سامنے آتے ہی ملوث عناصرکوبے نقاب کیاجائیگا۔انہوں نے کہاکہ سرکارنے اپنی جانب سے مشینری کومتحرک کرکے خواتین کی چوٹیاں کاٹنے والوں کوگرفتارکرکے بے نقاب کرنے کاعزم کیاہے،اوربہت جلداصل حقائق کوعوام کے سامنے لایاجائیگا۔کابینی وزیرنے تاہم کہاکہ کوئی نہیں جانتاکہ گیسوتراشی کی سرگرمیوں میں کون ملوث ہے کیونکہ ابھی تک اس حوالے سے کوئی پختہ ثبوت نہیں ملاہے۔انہوں نے کہاکہ خصوصی تحقیقاتی ٹیمیں اس شرانگیزمعمہ کاپردہ فاش کرنے کیلئے سرگرم عمل ہیں ۔چودھری ذوالفقارعلی نے بتایاکہ وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے خواتین کی بال تراشی کے واقعات کاجائزہ لینے کیلئے خودایک ہنگامی میٹنگ طلب کی ،جویہ واضح کرتاہے کہ ریاستی سرکاراس شرانگیزی کاپردہ فاش کرنے میں کتنی سنجیدہ ہے ۔انہوں نے ایک اورسوال کاجواب دیتے ہوئے کہاکہ لوگوں کوافواہوں پریقین نہیں کرناچاہئے کیونکہ اس وجہ سے بلاوجہ عوام میں خوف وہراس کی لہردوڑجاتی ہے ۔وزیراطلاعات ورابطہ عامہ کاکہناتھاکہ محض افواہ بازی کی بناء پرآج تک کئی معصوم افرادکولوگوں کے ہجوم نے پکڑکرزدوکوب کیاجوافسوسناک ہے۔