سرینگر// عمر کالونی لعل بازار کے لوگوں نے لیکس اینڈ واٹر ویز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (لائوڈا) سے اپیل کی ہے کہ کنہ تار نالہ کو بچانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں ۔باشندگانِ محلہ عثمانیہ عمر کالونی( اے ) لعل بازار کے ایک وفد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بعض خود غرض لوگ نگین کے کنارے کنہ تار صدرہ بل میں ایک بیس فٹ چوڑے نالے کی بھرائی کر کے اس پر قبضہ جما چکے ہیں ۔ وفد کے بقول متعلقہ لوگوں نے اس قطعہ اراضی پر ناجائز قبضہ کے بعد تعمیرات کھڑاکی ہیں ۔ وفد نے حیرت ظاہر کی کہ اگر چہ دس روز قبل اہالیانِ محلہ عثمانیہ نے لاوڈا کے ذمہ داروں کو اس کھلی قانون شکنی کی بابت تحریری طور مطلع کیا مگر تادم تحریر کوئی کارروائی کیوں نہ ہوئی ۔ وفد نے ڈویژنل کمشنر سمیت ماحولیات دوست این جی اوز اور لاوڈا کے حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ناجائز اور غیرقانونی قبضہ کے خلاف از روئے قانون ملوثین کے خلاف کارروائی کر کے کنہ تار نالے کو بچائیں ۔