عظمیٰ نیوز سروس+غلام نبی رینہ
سرینگر// کلن گنڈ کنگن میں ایک سڑک حادثے میں کمسن بچہ لقمہ اجل بن گیا۔یہ واقع اس وقت پیش آیا جب کلن میں ایک تویرا زیر نمبر 8704 JK01T-نے تین سالہ محمد حسین ولد ذاکر حسین بلتی ساکن بلتی کلن کو زور دار ٹکر مارا جس کے نتیجے میں کمسن شدید زخمی ہوگیا ۔اُسے فوری طور پرائمری ہیلتھ سنٹر کلن منتقل کیا گیا ۔ اسے سب ضلع ہسپتال کنگن منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ ایس ایچ او گنڈ آفاق ماجد وانی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس حادثے میں ایک کمسن لقمہ اجل بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈرائیور کو گاڑی سمیت گرفتار کیا گیا اور کیس درج کرلیا گیا ۔رام بن ضلع میں سرینگرجموں قومی شاہراہ پرپیر کی صبح ایک منی لوڈ کیریئر کھائی میں گرنے سے ایک75 سالہ خانہ بدوش خاتون لقمہ اجل اور4خواتین سمیت مہلوک کے 10رشتہ دار زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ بکروال خانہ بدوش برادری سے تعلق رکھنے والے خاندان کے افراد اپنے مال مویشیوں کیلئے چراگاہوں کی تلاش میں اپنی ششماہی ہجرت کے ایک حصے کے طور پر راجوری ضلع کے ٹیریاتھ گاؤں سے کشمیر کی طرف بڑھ رہے تھے۔انہوںنے بتایاکہ یہ حادثہ پیرکو علی الصبح4 بجے کے قریب بانہال میں ریلوے پل کے قریب پیش آیا، جس کے نتیجے میں معمر خاتون کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی جس کی شناخت فلا بیگم کے نام سے ہوئی ہے اور اس کے10 رشتہ دار زخمی ہو گئے ہیں،جن میں سات مرد اور تین خواتین شامل ہیں۔حکام نے بتایا کہ زخمیوں کو امدادی کارکنوں نے قریبی ہسپتال منتقل کیا جہاں ان میں سے2 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ اس دوران پہلگام میں نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر ایک نابالغ سیاح کی جان چلی گئی۔ایک اہلکار نے بتایا کہ حادثہ سیلفی پوائنٹ پہلگام کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایک نامعلوم گاڑی نے 4سالہ حلمہ حسینہ دختر ہاشم قریشی ساکن مال گنج کانپور اترپردیش کو علاج کیلئے پہلگام ہسپتال منتقل کیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ لڑکی کو مزید علاج کے لیے میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیاجہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ادھرپلوامہ ضلع میں کاکہ پورہ ریلوے اسٹیشن کے قریب پیر کے روز ایک چلتی ٹرین سے گر کر ایک خاتون زخمی ہو گئیں۔ خاتون کی شناخت فاطمہ زوجہ بشیر احمد ساکن ر وہابوگھ کے بطورہوئی ہے جو کاکہ پورہ ریلوے اسٹیشن پہنچنے سے پہلے پھسل کر گرگئی۔ادھر سنتھن ٹاپ علاقے میں ایک سڑک حادثے میں کم از کم8افراد زخمی ہوگئے۔ایک اہلکار نے بتایا کہ گاڑی (چھوٹا ہاتھی) زیرنمبرJK03P-2493کو سنتھن ٹاپ پر ایک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد زخمی ہوئے۔انہوں نے کہا کہ تمام زخمیوں کو پولیس، ٹورسٹ پولیس، ٹریفک پولیس نے مقامی انتظامیہ اور مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر بچالیا اور ان سب کو پی ایچ سی لارنو لے جایا گیا ۔ زخمیوں کی شناخت عارف احمد اعوان، محمد عمران اعوان، شوکت علی دیدار، گلزار احمد لاڈی، محمد الطاف کھاری، بشیر احمد خان، محمد عرفان احمد، محمد عرفان، محمد یوسف خاں اور محمد یوسف خان کے نام سے ہوئی ہے۔اہلکار نے بتایا کہ3 زخمیوں کو جی ایم سی اننت ناگ منتقل کیا گیا اور ان میں سے2کو پی ایچ سی لارنو میں ابتدائی علاج کے بعد ایس ڈی ایچ کوکرناگ منتقل کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ تمام زخمیوں کی حالت مستحکم ہے۔