رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن میں کنکوٹہ واٹر سپلائی اسکیم سے لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی سپلائی پچھلے ایک ماہ سے بند پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو پینے کیلئے صاف پانی قدرتی چشموں سے لانا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ جل شکتی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اس سے قبل مہینے میں محکمہ کی جانب سے چار سے پانچ مرتبہ پانی سپلائی کیاجاتا تھا تاہم گزشتہ ایک ماہ سے سپلائی کا عمل بالکل ہی بند کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کی پریشانی مزید بڑھ گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سپلائی کے بند ہونے کے سلسلہ میں متعلقہ حکام سے کئی مرتبہ رابطہ کیا گیا لیکن محکمہ کے ملازمین اور آفیسران اپنی ڈیوٹی کو سنجیدگی کیساتھ انجام ہی نہیں دے رہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ملازمین کی لاپرواہی اور آفیسران کی مبینہ نااہلی کی وجہ سے مذکورہ واٹر سپلائی سکیم زیادہ تر بند رہتی ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ کنکوٹہ واٹر سپلائی سکیم کو بحال کرنے کیلئے محکمہ کے آفیسران و ملازمین کو ہدایت جاری کی جائے ۔دوسری جانب اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر نے بتایا کہ کنکوٹہ واٹر سپلائی سکیم کی موٹر ٹوٹی ہوئی ہے اور موٹر کو ورک شاپ پر بھیج دیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ مرمت کے بعد سپلائی کو بحال کر دیا جائے گا ۔