ٹنگمرگ //کنزر میں رسوئی گیس سلنڈر پھٹ جانے سے رہائشی مکان خاکسترہوااور مالک مکان زخمی ہوا ۔کنزر چوک میں سہ پہر کو اس وقت ایک رہائشی مکان آگ کی لپیٹ میں آگیا جب غلام رسول شیخ اپنے رسوئی گھر میں گیس سلنڈر نصب کررہا تھا کہ اچانگ رسوئی گیس سلنڈر لیک ہوتے ہی زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس سے رہائشی مکان آناً فاناً آگ کی لپیٹ میں آگیا ۔آگ نے اس طرح بھیانک رخ اختیار کیا کہ دیکھتے ہی دیکھتے مکان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو ا۔ اگر چہ فائر سروس نے مقامی لوگوں اور پولیس کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی بے حد کوشش کی تاہم رسوئی گیس چاروں طرف پھیل جانے سے مکان مال واسباب سمیت خاکستر ہوگیا ۔بتایا جاتا ہے کہ مالک مکان غلام رسول شیخ کے دونوں ہاتھ زخمی ہوئے جسے پرائمری ہیلتھ سنٹر کنزر میں علاج ومعالجہ کے بعد گھر رخصت کیا گیا ۔کنزر کے مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے متاثرہ کنبے کی فوری طور مالی امدادکی اپیل کی ہے۔