اشتیاق ملک
ڈوڈہ //آر پار کمل کھلے گا، آنے والے پارلیمانی انتخابات میں بھاجپا مودی کی قیادت میں 400 پار نشستیں حاصل کر کے ایک تاریخ رقم کرے گی، 2014 سے پہلے ڈوڈہ خطہ پسماندگی کا شکار تھا اور مودی حکومت آتے ہی اس ضلع کے شہر و گام میں ترقیاتی منصوبوں کے جال بچھائے۔ ان باتوں کا بی جے پی صدر رویندر رینا نے ڈوڈہ ضلع کی تحصیل کاہرہ،بھیلہ ،ٹھاٹھری میں عوامی و پارٹی میٹنگوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کیا۔پارٹی کے نائب صدر شکتی راج پریہار، سابق رکن اسمبلی دلیپ سنگھ پریہار، سی ای او اوقاف جاوید اقبال زرگر و کوثر نٹنو بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔انہوں نے سابق حکومتوں پر غریب عوام کا خون چوسنے و لوٹ کھسوٹ مچانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مودی دور کے آغاز کے ساتھ ہی چوربازاری ختم ہوئی ہے اور سب کا ساتھ، سب کا وکاس و سب کا وشواس پروگرام کے تحت ملک ترقی کی راہ پر تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے گولڈ کارڈ کی اسکیم کا قیام عمل میں لا کر لاکھوں کنبوں کو راحت پہنچائی۔انہوں نے کہا کہ خدمت خلق و حب الوطنی کا درس پیغمبر اسلام نے بھی دیا ہے اور اس مقصد و جذبہ کے ساتھ موجودہ سرکار کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت تیسری بار ریکارڈ توڑ ووٹوں سے برسراقتدار آرہی ہے۔بی جے پی صدر نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے عوام دوست و غریب پرور ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے لاکھوں کروڑوں لوگوں کے لئے سینکڑوں مرکزی معاونت والی اسکیموں ،پن بجلی پروجیکٹوں و دیگر ترقیاتی منصوبوں کو منظوری دے کر گھر گھر پانی، بجلی، سڑک و بہتر طبی نظام کی فراہمی کے لئے نمایاں تبدیلی لائی۔انہوں نے کہا کہ کانگریس و نیشنل کانفرنس نے ہر دور میں مذہبی سیاست کو فروغ دے کر ملک بھر میں افراتفری و نفرت کا ماحول پیدا کیا اور کرسی حاصل کی لیکن بی جے پی نے سبھی مذاہب کے لوگوں کو جوڑ کر ہر خطہ، فرقہ و ذات کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کیا۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کسی بھی طبقہ و فرقہ کے ساتھ ناانصافی کی اجازت نہیں دے گی اور ایسے فرقہ پرست و سماج دشمن عناصر کے لیے حکومت چلانے کا کوئی حق نہیں ہے۔رینا نے لوگوں سے اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ دکھانے و آنے والے انتخابات میں بھاجپا امیدوار کو بھاری اکثریت سے ووٹ دے کر کامیاب بنانے کی اپیل کی۔