عظمیٰ نیوز سروس
جموں//کمشنر سیکرٹری فلوری کلچر ، پارکس اینڈ گارڈنز شیخ فیاض احمد نے بابا سُنارا جھجر کوٹلی جموں میں ایک پبلک پارک کا اِفتتاح کیا۔ اِس موقعہ پر ڈائریکٹر جنرل فلوری کلچر پارکس اینڈ گارڈنز ایس جتندر سنگھ بھی موجود تھے۔محکمہ نے 1.20 کروڑ روپے کی لاگت سے 16کنال کے رقبے پر محیط پبلک پارک کو تیار کیا ہے ۔اِس پارک کے مختلف خصوصیات میں چین لنک ،گرل باڑ ، ویو پوائنٹ ، مسحور کن لینڈ سکیپنگ ، آرائشی پودے ، ٹرفنگ ، ٹائل پاتھ و واک وے ، الیو مینیشن سسٹم ، سپرنکلر ، بینچ اور دیگر بنیادی سہولیات شامل ہیں۔کمشنر سیکرٹری نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رواں مالی برس 2023-24ء کے دوران 11نئے پارکس بنائے جارہے ہیں ۔ حکومت کا مقصد لوگوں کوبالخصوص بزرگ شہریوں او ربچوں کو ان کی دہلیز پر تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کرنا ہے ۔اُنہوں نے مذکورہ علاقے کے موجودہ پارکوں اور باغات کی دیکھ ریکھ اور ترقی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا ۔ اُنہوں نے اَفسران کو کام کے معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت دی اور تمام پارکوں کو مجموعی طور پر خوبصورت بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔اِس دوران اُنہوں نے پی آر آئیز سے بھی اِستفساری گفتگو کی اور ان کی شکایات او رمطالبات سنے۔کمشنر سیکرٹر ی موصوف نے مقامی نمائندوں اور عوام کو یقین دِلایا کہ ان کے تمام جائز مطالبات پر غور وخوض کیا جائے گا اور ان کے ازالے کے لئے مقررہ وقت میں کارروائی کی جائے گی۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر فائنانس فلوری کلچر ہیم کانت پراشر ، ڈپٹی سیکرٹری فلوری کلچر مشتاق احمد چودھری ، ایگزیکٹیو اِنجینئر فلوری کلچر ڈی کے کیتھ، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ پریتی اَگر وال ، فلوری کلچر آفیسر جموں سنیل سنگھ، پی آر آئی ممبران اور محکمہ کے دیگر اَفسران بھی موجود تھے۔